مزید خبریں

علیم خان پنجاب اسمبلی کے امیر ترین رکن نکلے

اسلام آباد (آن لائن) الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی اراکین کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کردی ہیں جس کے مطابق عبدالعلیم خان امیر ترین رکن صوبائی اسمبلی ہیں۔ الیکشن کمیشن کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز 41 کروڑ 43 لاکھ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب نے 13 کروڑ 64 لاکھ کے11 رہائشی گھر ظاہر کیے ہیں جبکہ حمزہ شہباز کی زرعی زمین کی مالیت 3 کروڑ 97 لاکھ ہے۔ حمزہ شہباز کی پہلی اہلیہ مہر النسا 50 لاکھ روپے اور ان کی دوسری اہلیہ رابعہ حمزہ 3 کروڑ 74 لاکھ روپے کے اثاثوں کی مالک ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار 5 کروڑ 80 لاکھ روپے سے زاید اثاثوں کے مالک ہیں جبکہ عبدالعلیم خان ایک ارب 70 کروڑ روپے سے زاید کے اثاثوں کے مالک ہیں۔ سابق صوبائی وزیر مراد راس نے38 لاکھ روپے اور میاں محمود الرشیدنے 18کروڑ روپے سے زاید کے اثاثے ظاہر کیے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی 23 کروڑ 14 لاکھ روپے اثاثوں کے مالک نکلے‘ انہوں نے 6 کروڑ 78 لاکھ روپے کی غیر زرعی زمین ظاہر کی جبکہ فلور مل کی مالیت 99 لاکھ روپے ظاہر کی۔ پرویز الٰہی کی اہلیہ 10 کروڑ روپے کے اثاثے رکھتی ہیں۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی سبطین خان ایک کروڑ روپے سے زایدکے اثاثوں کے مالک ہیں ۔ صوبائی وزیر اویس لغاری 44 کروڑ روپے اثاثوں کے مالک ہیں۔ رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے 9 کروڑ 4 لاکھ کے اثاثے ظاہر کیے۔ ثانیہ عاشق نے 35 لاکھ مالیت کے اثاثے ظاہر کیے۔ سابق وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اورڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری نے 2، 2 کروڑ روپے سے زاید کے اثاثے ظاہر کیے ہیں۔