مزید خبریں

سندھ حکومت بارشوں سے نمٹنے کیلیے اقدامات کرے‘ جماعت اسلامی

 

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )جماعت اسلامی سندھ نے سندھ میں بارشوں کے بعد شہروں کی ابتر صورتحال اور بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ نکاسی آب،بجلی کی بحالی اور شہریوں کو دہرے عذاب سے بچانے کے لیے فوری اورکرپشن فری اقدامات کیے جائیں۔جماعت اسلامی سندھ کے نائب امرا پروفیسر نظام الدین میمن، ممتازحسین سہتو،حافظ نصراللہ چنا،اظہار الحق، جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ اورمجاہدچنا نے مشترکہ بیان میں کہاکہ سندھ کے بالائی اضلاع خصوصاً سکھر، جیکب آباد،کشمور اور شکارپور میں ہونے والی
بارش کے بعد علاقے تالاب،شہروں میں کیچڑ اور بجلی غائب ہونے کی صورتحال میں عوام دھرے عذاب کا شکار ہیں، پیپلزپارٹی تسلسل کے ساتھ گزشتہ 3 ادوار سے حکمرانی کررہی ہے مگر حکومت عوام کے مسائل حل کرنا تو درکنار اس دور جدید میں عوام کو صاف پانی فراہم کرنے میں بھی ناکام ثابت ہوئی ہے، معمولی بارش سے مذکورہ بالا شہروںکے اہم علاقے تالاب کا منظر پیش کررہے ہیں، عوام کے لیے روڈ راستوں پر چلنا بھی مشکل ہوگیا ہے، کروڑوں کے ترقیاتی بجٹ کرپشن کی نظرکرنے کے بجائے عوام کی فلاح وبہبود، شہروں کی ترقی ڈرنیج سسٹم کی درستگی پر لگائے جاتے توآج سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر سمیت باقی اضلاع کی یہ صورتحال نہ ہوتی، جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے زور دیا کہ حکومت عوام کو مشکلات سے نکالنے اور بارش کے پانی کی نکاس کے لیے فوری وعملی اقدامات کرے تاکہ شہری سکھ کا سانس لے سکیں۔