مزید خبریں

ملک کو حسن خطاب نہیں حسن کارکردگی درکار ہے، اسد عمر

اسلام آباد (آئی این پی) تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ احسن اقبال کو سمجھنا ہوگا کہ ملک کو ’’حسن خطاب‘‘ نہیں ’’حسن کارکردگی‘‘ درکار ہے، قوم جس وژن 2025ء کا چرچا سنتی تھی اس میں سے این آر او دوئم برآمد ہوا ہے، وفاق و ریاست پاکستان کی علامت صدر مملکت کی بھرپور مخالفت کے باوجود وژن 2025ء والوں نے احتساب کو باضابطہ دفن کیا ہے، وزیرمنصوبہ بندی کی جماعت کا خمیر آمریت سے اٹھا، اس نے پرورش
غیرجمہوری نرسری میں پائی ہے۔ پیر کو وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا کہ وزیرمنصوبہ بندی سے 100 فیصد متفق ہیں کہ ’’جو کچھ ہو رہا ہے‘‘ اسے بدلنے کیلیے ضروری ہے کہ وہ کچھ نہ کیا جائے جو کچھ دہائیوں سے کرتے آئے ہیں، مگر وزیرمنصوبہ بندی کو سمجھنا ہوگا کہ ملک کو ’’حسنِ خطاب‘‘ نہیں ’’حسن کارکردگی‘‘ درکار ہے، خود احتسابی کی ہلکی سی کوشش وزیر منصوبہ بندی کو وہ سب سمجھنے میں مدد دے گی کہ کیوں اس مقام تک پہنچے ہیں جہاں آج کھڑے ہیں۔