مزید خبریں

کرپشن کا الزام: سابق چیئرمین واپڈا نیب میں پیش

لاہور (نمائندہ جسارت) واپڈا کے سابق چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل(ر) مزمل حسین قومی احتساب بیورو میں پیش ہوگئے، جہاں نیب کی ایک رکنی تحقیقاتی ٹیم نے ان سے پوچھ گچھ کی۔ نیب کے مطابق مزمل حسین کے خلاف کرپشن اور منصوبوں میں سست روی کے باعث واپڈا کو 3 سال میں اربوں روپے کا نقصان ہوا۔ نیب کا کہنا تھا کہ تربیلا 4 پروجیکٹ میں 753 ملین ڈالر کی کرپشن کی نشاندہی کی جاچکی ہے جبکہ کنٹریکٹرز کو زبردستی غلط ادائیگیاں بھی کرائی گئیں جس پر تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔ پیشی کے بعد سابق چیئرمین واپڈا نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مجھ پر لگے الزامات غلط ہیں، میرے خلاف شکایت آئی تھی، نیب نے اس پر ویریفکیشن کرنا ضروری سمجھا، نیب نے جو پوچھا بتا دیا، میری طرف سے معاملہ صاف ہے، نیب جب بلائے گا آ جائوں گا۔ مزمل حسین نے بتایا کہ تربیلا 4 پروجیکٹ کی لاگت ہی 750 ملین ہے تو 753 ملین کی کرپشن کیسے ہوگئی؟ تربیلا 4 ڈیم توسیعی منصوبہ مدت سے پہلے ہی مکمل ہوگیا تھا، منصوبے نے ایک سال میں لاگت بھی پوری کرلی۔