مزید خبریں

افغان طالبان نے 5 برطانوی شہری رہاکردیے، برطانیہ کا خیرمقدم

 

کابل/دوحا (آن لائن/اے پی پی)افغان طالبان کی قید میں موجود 5 برطانوی شہریوں کو رہا کردیا گیا ہے‘ برطانیہ کے فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس کے ایک ترجمان نے کہا ہم افغانستان کی موجودہ انتظامیہ کی جانب سے 5 برطانوی شہریوں کی رہائی کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ترجمان نے مزید کہا ان برطانوی شہریوں کا افغانستان میں ہماری حکومت سے کوئی تعلق نہیں تھا بلکہ وہ حکومتی سفری ہدایت کے برخلاف افغانستان گئے تھے، ترجمان کے مطابق ان شہریوں کے خاندانوں کی جانب سے ہم افغان ثقافت، روایات یا قوانین کی کسی بھی قسم کی خلاف ورزی پر معذرت کرتے ہیں اور مستقبل میں اچھے رویے کی یقین دہانی کراتے ہیں۔برطانوی سیکرٹری خارجہ لز ٹروس نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ اس بات کی خوشی ہے کہ برطانیہ افغانستان میں قید اپنے 5 شہریوں کو رہا کرانے میں کامیاب رہا۔انہوں نے کہا یہ افراد جلد اپنے خاندانوں سے ملیں گے، میں ان افراد کی رہائی کے لیے برطانوی سفارتکاروں کی جانب سے کیے جانے والے کام پر ان کی شکرگزار ہوں۔یہ واضح نہیں کہ ان افراد کو کب طالبان نے قید کیا تھا اور انہیں کہاں رکھا گیا تھا۔دوحہ میں افغانستان کے لیے برطانوی مشن کے ناظم الامور ہوگو شارٹر نے کہا ہے کہ برطانیہ افغان شہریوں سمیت کسی ایسے عناصر کی حمایت نہیں کرتا جو افغانستان میں سیاسی مقصد کے لیے تشد د کو ہوا دینے والی کسی بھی غیرقانونی سرگرمیوں سے سیاسی تبدیلی لانے کا خواہشمند ہے۔ افغان میڈیا کے مطابق انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ برطانیہ اس بات کی کسی کو اجازت نہیں دے گا کہ افغانستان کی سرزمین کسی مذموم منصوبے یا مقصد کی تیاری کے لیے استعمال ہو اور ہم دوسرے ممالک کو بھی ایسا کرنے کی سخت مخالفت کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں کسی بھی قسم کی پر تشدد کارروائیاں نہ صرف افغانستان کے لیے نقصان دہ ہیں بلکہ یہ بین لاقوامی برداری کے مفاد میں بھی نہیں ہے اور ہم ہر قسم کے دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔