مزید خبریں

سراج الحق کی زیر صدارت 23 جون کو قومی مشاورت میں “قومی معاشی چارٹر” تشکیل دیا جائیگا

 

لاہور(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی صدارت میں ملک کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے 23جون کو اسلام آباد میں ’’قومی مشاورت‘‘ کا اہتمام کیا جا رہا ہے جس میں ملک کے نامور ماہرین معیشت شرکت کریں گے۔ مشاورت کے اختتام پر ’’قومی معاشی چارٹر‘‘ تشکیل دیا جائے گا۔یہ اعلان نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید پراچہ نے قائم مقام سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی اظہر اقبال حسن کے ساتھ منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر فرید پراچہ نے کہا کہ موجودہ اور سابق حکمران ملک کو معاشی بحران سے نکالنے میں مکمل ناکام ہو چکے ہیں۔ بدترین مہنگائی ، بے روزگاری اور سودی قرضوں کی وجہ سے قومی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے اور ان حالات میں ملک کی نام نہاد بڑی سیاسی جماعتوں کے سربراہان اور دیگر قیادت مفادات کی جنگ میں الجھے ہوئے ایک دوسرے پر طعن و تشنیع کے تیر برسا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ تینوں بڑی سیاسی جماعتوں نے یہ ثابت کر دیا کہ ان کے پاس ملک کے حالات بہتر کرنے کے لیے کوئی لائحہ عمل موجود نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان حالات میں کہ جب مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کے لیے سانس لینا بھی دشوار ہو چکا ہے، بے روزگاری کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا،ملک میں کروڑوں لوگ غربت کی سطح کے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، جماعت اسلامی نہ صرف عوام کے حقوق کے لیے بھرپور احتجاج کر رہی ہے بلکہ اس نے ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے سنجیدہ لائحہ عمل دینے کا بیڑا بھی اٹھایا ہے۔ اسلام آباد میں ہونے والی قومی مشاورت اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے اور یہ ملک میں پہلی دفعہ ہو رہا ہے کہ ایک سیاسی جماعت اتنی بڑی تعداد میں ماہرین معیشت کو اکٹھا کر کے ایک مشترکہ چارٹر تشکیل دے ۔ انھوںنے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ اب ملک کا مراعات یافتہ طبقہ اپنی عیاشیاں بند کرے اور عوام کو قربانی کا بکرا بنانے کے بجائے خود قربانی دے۔ انھوں نے کہا کہ دنیا کے بے شمارممالک آئی ایم ایف کی مدد کے بغیر معیشت کو بہتر کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں، ایسی کوئی وجہ نہیں کہ پاکستان بھی عالمی مالیاتی اداروں کی ڈکٹیشن سے آزاد ہو کر خودمختاری اور خودانحصاری کی منزل کو حاصل کر لے۔ انھوں نے کہا کہ قومی مشاورت عالمی اقتصادی ماہر ین جن میں ڈاکٹر پروفیسر خورشید احمد اور مختلف امریکی یونیورسٹیوں کے پروفیسرز شامل ہیں بھی خطاب کریں گے۔مزیدبرآں قائم مقام سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن کی نگرانی میں مہنگائی، کرپشن اور سودی نظام کے خلاف 25جون سے شروع ہونے والے3 روزہ ٹرین مارچ کے انتظام و انصرام کے لیے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ رحیم یار خان سے ملتان تک انتظامات کے آرگنائزر امیر جماعت اسلامی پنجاب جنوبی رائو محمد ظفر، ملتان سے لاہور تک امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری اور لاہور سے راولپنڈی تک امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم ہوں گے۔