مزید خبریں

ڈالر کی اونچی اڑان جاری 214 روپے کا ہوگیا، سونے کی قیمت میں بھی 1450 روپے کا اضافہ

کراچی (بزنس رپورٹر) پاکستان میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپیہ بد ترین گراوٹ کا شکار ہے اور ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ انٹر بینک میں امریکی ڈالر210روپے اور اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر 214روپے کی سطح پر جا پہنچا ہے۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پیر کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں 1.50 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 208.60روپے سے بڑھ کر210روپے اور قیمت فروخت 208.0روپے سے بڑھ کر 210.20 روپے ہو گئی ہے، اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر2.50روپے مہنگا ہو گیا جس کے بعد ڈالر کی قیمت خرید 210.50روپے سے بڑھ کر213روپے اور قیمت فروخت 211.50 روپے سے بڑھ کر214روپے ہو گئی۔ فاریکس ڈیلرز کے مطابق گزشتہ ہفتے کے اختتام پر بینکوں میں ڈالر ختم ہونے کی خبروں کی وجہ سے ہفتے کے پہلے دن روپیہ دباؤ کا شکار رہاتھا اوربینکوں میں ڈالر کی کمی کا نتیجہ کم یا منفی سوئپ پریمیم کی صورت میں نکلا کیونکہ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر مسلسل کم ہو رہے ہیںتاہم قرض کے پروگرام کی بحالی کے بارے میں آئی ایم ایف کی طرف سے اعلان یا چین سے آنے والی رقوم کی تجدید سے شرح تبادلہ کے استحکام میں مدد مل سکتی ہے۔ مارکیٹ کے ماہرین نے غیر ضروری اخراجات میں کمی کے ذریعے درآمدی بلوں کو کم کر کے حکومت سے روپے کی قدر میں کمی پر فوری توجہ دینے کا مطالبہ کیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ ایسا نہ ہونے کی صورت میں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاہدے کی عدم موجودگی میں پاکستان کا زرمبادلہ متاثر ہو گا اور ذخائر ختم ہوتے رہیں گے۔ فاریکس ڈیلرز کے مطابق مارکیٹ شدید بدحالی کا شکار ہے لیکن حکام اس سے غافل نظر آتے ہیں، ایسا لگتا ہے جیسے آئی ایم ایف کی طرف سے ایک اور شرط رکھی گئی ہے جو روپے کی قدر میں کمی ہے کیونکہ کسی کو اس کی پروا نہیں ہے اور ہر طرف خاموشی طاری ہے اگر یہ رجحان برقرار رہا تو پاکستان سری لنکا کی طرح دیوالیہ ہوسکتا ہے، حکومت کے لیے اقدامات کرنا انتہائی ضروری ہیں ورنہ ملک ڈیفالٹ ہو جائے گا۔علاوہ ازیں بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1840 ڈالر کی سطح پر مستحکم رہنے کے باوجود مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ اور 10 گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 1450روپے اور 1243روپے کا اضافہ ہوگیا۔ جس کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی ،اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 147250روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت بڑھ کر 126243روپے ہوگئی۔ اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1560روپے اور 10 گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 1337.44 روپے پر مستحکم رہی۔