مزید خبریں

امپورٹڈ سرکار کے ترمیم شدہ نیب قانون نے احتساب کو دفن کردیا ، عمران خان

اسلام آباد(صباح نیوز)سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے چوروں کو این آر او ٹو دے کر نظام احتساب کو باضابطہ طور پر دفن کیا گیا، بڑے چوروں نے نیب قانون کو بدل کر قوم کے لوٹے گئے 1200 ارب ہضم کرنے کی شرمناک کوشش کی ہے،ایک طرف ملک نہیں سنبھل رہا دوسری طرف چوری معاف کرانے کی ان کی کوششیں گوارا کی جارہی ہیں۔ پیر کوپی آئی چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ اسلام آباد میں اجلاس ہوا جس میں ملک کی موجودہ سیاسی، معاشی صورتحال خصوصا نیب ترمیمی بل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نظامِ احتساب کی تباہی سازش سے مسلط ہونے والی کٹھ پتلیوں کا کلیدی ہدف تھا، روزِ اول سے نشاندہی کر رہا ہوں کہ ان کے آنے کا واحد مقصد خود کو این آر او ٹو دلوانا ہے۔ سابق و زیراعظم کا کہنا تھاکہ بڑے چوروں کو لوٹ مار کی کھلی آزادی تیسری دنیا میں غربت کی بڑی وجہ ہے، 26سال بڑے چوروں کو قانون کے تابع کرنے، احتساب کا نظام مضبوط بنانے کے لیے جدوجہد کی۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ اس کرپٹ سفاک گروہ نے پاکستان کی اخلاقیات تباہ کردی ہیں، اقتدار میں آکر لوٹ مار کرنا اور ادارے تباہ کرکے اس لوٹ مار کو بچانا کلچر بنا دیا گیا ہے، مجرموں کے ٹولے کی اس شرمناک کوشش کی ہر سطح پر مزاحمت کریں گے۔ اجلاس کے دوران عمران خان نے پارٹی رہنماوں کو نظامِ احتساب کی تباہی کی شرمناک کوشش بھرپور انداز میں اجاگرکرنے کی ہدایت بھی دی۔ اجلاس میں ہونے والے فیصلے کے نتیجہ میں تحریک انصاف نے نیب قوانین میں تبدیلی کی بھر پور مذت کرتے ہوئے یوم سیاہ بھی منایا، پی ٹی آئی رہنمائوں نے ہاتھوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر تقریبات میں شرکت کی۔