مزید خبریں

وزیر اعظم کا یوٹیلیٹی اسٹورز پر 5 بنیادی غذائی اشیا سستی کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد(صباح نیوزوزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت یوٹیلٹی اسٹورز کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس ہوا۔ وزیرِ اعظم نے غریب اور پسماندہ طبقے کے لیے ریلیف کا اعلان کرتے ہوئے5 بنیادی اشیا ضروریہ کو اگلے مالی سال کے لیے کم نرخوں پر فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ۔ پیر کو وزیراعظم ہاوس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت یوٹیلٹی اسٹورز کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس میں وفاقی وزرا مفتاح اسماعیل، مخدوم مرتضی محمود اور متعلقہ اعلیٰ افسران نے شرکت کی، اجلاس میں یوٹیلٹی اسٹورز پر دی جانے والی سبسڈی، پسماندہ طبقے کو ٹارگٹڈ سبسڈی، یوٹیلٹی اسٹورز کی ملک بھر میں تعداد میں توسیع پر بریفنگ دی گئی، خیبر پختونخوا میں وزیرِ اعظم کے ویژن کے تحت سستے آٹے کی فراہمی کے پروگرام پر پیش رفت سے بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ یوٹیلٹی اسٹور کارپوریشن ملک میں اس وقت 3822 اسٹورز کو براہ راست اور 1380فرانچائز چلا رہے ہیں جبکہ 30 جولائی تک بلوچستان، سندھ، کشمیر، گلگت بلتستان اور پنجاب میں 300 سے ذیادہ نئے اسٹورز بنائے جائیں گے۔ بریفنگ میں بتایا گیاکہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کے ریلیف پیکج کے تحت اب تک 11 کروڑ 30 لاکھ مستحق افراد مستفید ہو چکے ہیں جن کو فی کلو آٹے پر 60وپے، چینی پر 21 روپے، گھی پر 250 روپے جبکہ دالوں اور چاول پر 15-20 روپے ٹارگٹڈ سبسڈی دی گئی ہے۔ سبسڈی کا طریقہ کار ڈیجیٹل ہے جبکہ نادرا اور وزارتِ تخفیفِ غربت کے ڈیٹا سے منسلک ہے۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں 942 یوٹیلٹی اسٹورز پر سستے آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے جبکہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر 1000 نئے سیل پوائنٹس اور 200 موبائل اسٹورز کا اضافہ کیا جا رہا ہے، اجلاس کو بلوچستان کے حوالے سے بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم کے رمضان میں دورے اور خصوصی ہدایات کے تحت بلوچستان میں اشیاِ ضروریہ کی بازار سے بارعایت فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے جسکے لئے ناصرف یوٹیلٹی اسٹورز بلکہ موبائل اسٹورز بھی قائم کیے گئے ہیں جن کی بدولت دور دراز علاقوں تک سبسڈی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم نے صوبہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں یوٹیلٹی اسٹورز کے اقدامات کو سراہا اور ڈیجیٹل نظام کے تحت ٹارگٹڈ سبسڈی کی فراہمی کی پزیرائی کی۔ اجلاس کے دوران وزیرِ اعظم شہباز شریف نے غریب اور پسماندہ طبقے کیلئے بڑا ریلیف کا اعلان کرتے ہوئے 5 بنیادی اشیا ضروریہ کو اگلے مالی سال کیلئے کم نرخوں پر فراہم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا، سبسڈی یوٹیلٹی اسٹورز کے ذریعے پورے ملک میں غریب اور پسماندہ طبقے کو فراہم کی جائے گی، آٹے، چینی، گھی،خوردنی تیل، دالیں، اور چاول کی بازار سے کم نرخوں پر فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کراچی میں یوٹیلٹی اسٹورز کے نیٹ ورک میں تو سیع کی بھی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ کراچی میں یوٹیلٹی اسٹورز کی کم تعداد کسی قدر منظور نہیں،کراچی میں یوٹیلٹی اسٹورز کی تعداد میں اضافے کا جامع منصوبہ دو ہفتے میں پیش کیا جائے، پسماندہ طبقے کو اس وقت ریلیف کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، پسماندہ طبقے کے ریلیف کے لیے حکومت ہر قیمت خرچ کرنے کو تیار ہے۔