مزید خبریں

عالمی برادری پناہ گزینوں کے مسائل کے حل میں ساتھ دے، پاکستان

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان نے پناہ گزینوں کے عالمی دن کے موقع پر ایک بیان میں بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ دنیا بھر میں پناہ گزینوں کے مسائل کے حل کیلیے کی جانے والی کوششوں میں ساتھ دے، پاکستان کے عوام نے ملک میں پناہ گزینوں کیلیے مثالی سخاوت، مہمان نوازی اور ہمدردی کا مظاہرہ کیا ہے، بین الاقوامی برادری کو افغان مہاجرین کی دیرینہ صورتحال کو فراموش نہیں کرنا چاہیے، پاکستان اس وقت بھی 30 لاکھ سے زائد افغانوں کی میزبانی کررہا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے پیر کو بیان میں کہا کہ پاکستان پناہ گزینوں کے عالمی دن کی یاد میں عالمی برادری کے ساتھ شامل ہے، اس دن کو مناتے ہوئے ہم دنیا بھر میں پناہ گزینوں کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، یہ دن ہمیں یاد دہانی کراتا ہے کہ ہم جبری نقل مکانی کے محرکات پر غور کریں اور تنازعات کی روک تھام اور ان کے حل سمیت پناہ گزینوں کے حالات کیلیے پائیدار حل تلاش کرنے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کریں۔