مزید خبریں

تحریک انصاف، ایم ڈبلیو ایم اکٹھے چلنے پر متفق، معاہدے پر دستخط

اسلام آباد (صباح نیوز) ملکی معاملات میں غیر ملکی مداخلت روکنا خارجہ پالیسی کا بنیادی اصول رہے گا، پی ٹی آئی اور ایم ڈبلیو ایم میں معاہدہ طے پاگیا، معاہدے پر عمران خان اور علامہ راجا ناصر عباس نے دستخط کیے۔ پیر کے روز تحریک انصاف کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق تحریک انصاف اور مجلس وحدت المسلمین کے مابین اشتراک عمل کا جامع معاہدہ طے پاگیا، علامہ راجا ناصر عباس کی قیادت میں مجلس وحدت المسلمین کے وفد نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے اہم ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں جماعتوں کے مابین باضابطہ سیاسی اشتراک عمل کا معاہدہ طے پاگیا، معاہدے کے تحت تحریک انصاف اور مجلس وحدت المسلمین نے کسی صورت غلامی قبول نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے پاکستانی سرزمین پر کسی بیرونی ملک کے اڈے قائم نہ کرنے پر مکمل اتفاق کیا، معاہدے کے مطابق آزاد خارجہ پالیسی اور داخلی خودمختاری کے بیانیے سے کسی طور روگردانی نہیں کی جائے گی، ملک پاکستان سے ظلم کے خاتمے اور انصاف کی فراہمی پر بھی مکمل اتفاق ہوا، مسلم ممالک کے باہمی تنازعات کا مذاکرات کے ذریعے حل نکالنے کی کوشش کی جائے گی، ان تنازعات میں فریق بننے سے مکمل گریز کیا جائے گا، پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت اور سیاسی، اقتصادی اور دفاعی خودانحصاری کے لیے مشترکہ جدوجہد کی جائے گی، اسرائیل کے حوالے سے قائداعظم کے فراہم کردہ رہنما اصولوں سے کسی طور روگردانی نہیں کی جائے گی، کشمیر و فلسطین پر قومی اخلاقی نکتہ نظر سے کسی قسم کا انحراف نہیں کیا جائے گا۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دینی حلقوں میں تحریک انصاف کو پذیرائی مل رہی ہے یہ خوش آئند بات ہے، دونوں جماعتوں نے فیصلہ کیا کہ آپس میں سیاسی تعاون کرنا ہے اور ساتھ مل کر چلنا ہے، چند روز پہلے جے یو آئی شیرانی گروپ نے عمران خان سے مل کر چلنے کا معاہدہ کیا، جماعت اہلسنت کے جید قائدین علما مشائخ کا ایک وفد آیا، انہوں نے بھی اعتماد کا اظہار کیا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کی آزادی، خودمختاری اور آزاد خارجہ پالیسی کیلیے ساتھ مل کر چلنے کا ارادہ کیا ہے، فیصلہ کیا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت سے بھی مجلس وحدت المسلمین کی ملاقات کروا کر معاملات بہتر کیے جائیں، سیاسی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے 4 لوگ تحریک انصاف اور 4 وحدت المسلمین کے ہوں گے، آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔