مزید خبریں

اسلام آباد:ماحول کو آلودہ کرنیوالی گاڑیوں کا کل سے داخلہ بند،بازاروں کی رات 9 بجے بندش کا نوٹیفکیشن

اسلام آباد(صباح نیوز+آن لائن) ماحول کو آلودہ کرنے والی گاڑیوں کا منگل سے اسلام آباد میں داخلہ بند کرنے کا فیصلہ، وفاقی دارالحکومت میں بازار رات 9 بجے بند کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی گاڑیوں کا داخلہ 21جون سے اسلام آباد میں بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔قدرتی ماحول کو آلودہ کرنے والی گاڑیاں کل (منگل) سے اسلام آباد میں داخل نہیں ہوسکیں گی، آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خاں نے ایس ایس پی ٹریفک کوماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی گاڑیوں کے داخلہ پر پابندی کے احکامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان پولیس کا کہنا ہے یہ مہم انوائرنمنٹ پروٹیکشن ایجنسی کے ساتھ مل کر چلائی جائے گی اور اس سلسلہ میں سوشل میڈیا پر بھی آگاہی مہم چلائی جائے گی۔ آئی جی اسلام آباد کی ہدایت کے مطابق پریشر ہارن والی گاڑیوں کا بھی وفاقی دارالحکومت میں داخلہ ممنوع ہوگا، کسی بھی ان فٹ گاڑی کو فٹنس سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا جائے گا اور جہاں ضرورت ہو وہاں موٹروہیکل ایگزامینر سے مدد حاصل کی جائے گی۔ آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خاں نے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کی ہدایت کی ہے۔ علاوہ ازیں سندھ اور پنجاب کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی بازار رات 9 بجے تک بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق شادی ہالز رات 10 بجے بند ہوں گے جبکہ ریسٹورنٹ اور ہوٹلز رات ساڑھے 11 بجے بند ہوں گے۔