مزید خبریں

مزدوروں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی ترجیح ہے ، راجہ پرویز اشرف

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ محنت کش طبقہ پاکستانی کمیونٹی کا اہم حصہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کا سماجی و اقتصادی استحکام مزدور طبقے کی فلاح و بہبود سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محنت کش طبقہ خصوصاً پاکستانی تارکین وطن ملک کے معاشی استحکام کے لیے اہم کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ دنوں پارلیمنٹ ہاؤس میں چوہدری یاسین جنرل سیکرٹری سی ڈی اے یونین اور پاولو پوزو کے ڈائریکٹر آئی ایس سی او ایس سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ا سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ محنت کش طبقے کے بنیادی حق کے تحفظ کے لیے ٹریڈ یونینز ضروری ہیں۔ پاکستانی تارکین وطن کی غیر ہنر مند لیبر فورس پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے محنت کشوں کو ہنر مند بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستانی تارکین وطن کے محنت کش طبقے کو بنیادی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے وزارت افرادی قوت اور سمندر پار پاکستانیوں کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔انہوں نے کہا کہ محنت کش اور مزدور طبقہ پاکستان کی معیشت کی بنیادی طاقت ہے۔انہوں نے ورکر ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جدوجہد کو بھی سراہا۔ ڈائریکٹر پاولو پوزو کے کام کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی خاندانی روایات اور مشترکہ ثقافت کے امین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی میں مقیم پاکستانی ملک کے معاشی استحکام کے لیے کردار ادا کر رہے ہیں۔
چودھری یاسین جنرل سیکرٹری سی ڈی اے یونین نے ملاقات کا موقع فراہم کرنے پر اسپیکر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے ٹریڈ یونین مزدور طبقے کی قانونی حمایت کے لیے تمام بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ قریبی رابطے پر کام کر رہی ہے۔ ٹریڈ یونین انسٹی ٹیوٹ فار انٹرنیشنل کوآپریشن (ISCOS) کے ڈائریکٹر پاولو پوزو نے کہا کہ ان کی تنظیم پاکستانی یونینوں کے ساتھ قریبی تعاون سے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے اجلاس کو پاکستان میں مزدوروں کے بنیادی حقوق کو یقینی بنانے کے منصوبوں کی بنیادی باتوں سے بھی آگاہ کیا۔