مزید خبریں

بوڑھے محنت کشوں پررحم کیا جائے ‘ خالد خان

نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے صدر خالد خان،نائب صدر محمد سلیم، امیرروان نے مشترکہ بیان میں کہاہے کہ موجودہ وفاقی حکومت کے آتے ہی چیئرمین EOBI شکیل احمد منگیجوکواپنے عہدے سے ہٹادیا گیااس کے بعد سے ابتک نئے چیئرمین EOBI کا تقررعمل میں نہیں آسکا۔ نئے چیئرمین EOBI کا فوری تقرر کیاجائے تاکہ بزرگ پنشنرز کو ریلیف حاصل ہوسکے ۔ ویسے تو تمام آنے والے چیئرمینوں نے کوئی بھی خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔آج بھی ہمارے ملک کے بزرگ پیشنرز دربدرکی ٹھوکریں کھارہے ہیں کوئی بھی ان بزرگ محنت کشوں پر رحم نہیں کھاتا پنشنر کا پر سان حال نہیں۔ آج بھی ایک محنت کش اپنی فیکٹری سے اپنی عمرکے 60 سال پورے کرنے کے بعدجب EOBI کے ریجنل آفس سے رجوع کرتاہے تو اس عمررسیدہ شخص سے EOBI کے نمائندے کسی بھی طرح کا کوئی بھی تعاون نہیں کرتے۔ ان کو صحیح معلومات بھی نہیں دی جاتی بلکہ ان سے باربار ریجنل آفس کے چکرلگواتے ہیں۔ ان کی ماہانہ پنشن کے حوالے سے خاطرخواہ جواب نہیں دیتے بلکہ یوں کہیں کہ ان بوڑھے پنشنرز کے ساتھ بدتمیزی سے پیش آتے ہیں۔اوراب تونوبت یہاں تک آپہنچی ہے کہ ماہانہ پنشن جاری ہونے کے باوجودکئی مہینوں سے پنشن کی مدمیںملنے والی رقم پنشنر کے بینک الفلاح کے اکائونٹ میں موجود ہوتی ہے ان بزرگ پیشنروں کو ATM کارڈ فراہم نہیں کیاجاتا۔ لہٰذا نیشنل لیبرفیڈریشن موجودہ وفاقی حکومت سے یہ مطالبہ کرتی ہے کہ بوڑھے محنت کشوں، بیواوں اور یتیموں پر رحم کھایاجائے اور انہیں ذلیل ورسوا ہونے سے بچایاجائے۔