مزید خبریں

حکمرانوں نے عوام کو رلانے کی قسم کھا رکھی ہے ، جاوید قصوری

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکومت تاجروں کے معاشی قتل عام کرنے کے منصوبے بنارہی ہے۔ پہلے ہی کرونا میں ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔جماعت اسلامی بازار رات 9بجے بند کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتی ہے۔ حکومت اپنی ناکامیوں، نا اہلیوں کا اعتراف کرے اور ایسے فیصلے کرنے سے باز آجائے جن سے عوام کی مشکلا ت میں اضافہ ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف منصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق بجلی کے نرخوں میں بھی 7روپے 96پیسے فی یونٹ اضافہ ہونے جارہا ہے۔ جس سے عوام میں اضطراب پایا جاتا ہے ۔یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے حکمرانوں نے عوام کو رُلانے کی قسم کھارکھی ہے۔ مہنگائی کے باعث عام آدمی کی قوت خرید سے ہر چیز باہر ہوچکی ہے۔ کوئی ایک شعبہ بھی ایسا نہیں ہے جس کی کارکردگی کوتسلی بخش قرار جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ فیٹف پر کامیابی کا جشن منانا قبل ازوقت ہے،حکومت اکتوبر تک انتظار کرے ۔ اس حوالے سے دشمن قوتوں کا کردار کسی سے مخفی نہیں۔ مکمل اہداف کے حصول تک شر پسند عناصر سے چوکنا رہنا ہوگا۔ پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والے آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔المیہ تو یہ ہے کہ جن کی وجہ سے پاکستان فیٹف کی پابندیوں کا شکار ہوا تھا ، انہی کی ناکام پالیسیوں کا سلسلہ ہنوز جاری ہے ۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے کہا کہ ملک و قوم کو مسائل کی دلدل سے نکالنا موجودہ حکمرانوں کے بس کی بات نہیں ۔عوام کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیا گیا ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والا معاہدہ منظر عام پر لانا ہوگا۔ قوم کو بھی معلوم ہو کہ کیسے حکمرانوں نے قومی حمیت کو پامال اور خودمختاری کا سودا کیا ہے۔