مزید خبریں

مخالفین نے دہشت پھیلانے کی منصوبہ بندی کی ہے، جی ڈی اے رہنما

 

خیرپور(جسارت نیوز )جی ڈی اے کے سرکردہ رہنما اور میونسپل کمیٹی گمبٹ کے 2 حلقوں کے اُمیدوار خالد حسین شیخ ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ مخالفین نے 26 جون کے بلدیاتی انتخابات میں ووٹروں کو خوفزدہ کرنے اور دہشت پھیلانے کی منصوبہ بندی کی ہے مخالفین جی ڈی اے کے ووٹروں کو دھمکیاں دے رہے ہیں کہ وہ الیکشن کے روز اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں غیر ووٹر افراد کو الیکشن کے روز گمبٹ میں داخل ہونے سے روکا جائے۔ خالد حسین شیخ نے کہا کہ کچے کے کچھ وڈیرے اور بااثر لوگوں کی گمبٹ میں مداخلت بڑھ گئی ہے ان کے میونسپل کمیٹی گمبٹ کی حدود میں ووٹ بھی داخل نہیں ہے اس کے باوجود وہ جی ڈی اے کے ووٹروں کو خوفزدہ کر رہے ہیں اور ان کو دھمکیاں دے رہے ہیں کہ وہ الیکشن کے روز پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹ ڈالنے نہ جائیں ہمارے منع کرنے کے باوجود جو افراد پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹ ڈالنے جائیں گے وہ اپنے نقصان کے خود ذمیدار ہوں گے اس طرح کی صورتحال میں بلدیاتی الیکشن صاف و شفاف نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جن افراد کا گمبٹ شہر سے تعلق نہیں ہے الیکشن کے روز ان کو گمبٹ میں داخل ہونے سے سختی سے روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 31 اکتوبر 2015ء کے بلدیاتی انتخابات میں گمبٹ کے علاقے میں 11 افراد قتل اور متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ خیرپور حساس ضلع ہے گمبٹ زیادہ حساس ہے دھاندلی اور بدامنی کو روکنے کے لیے گمبٹ میں رینجرز فورس مقرر کی جائے پولنگ اسٹیشنوں کے اندر اور باہر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں تاکہ الیکشن صاف و شفاف اور پرامن ماحول میں ہو سکے۔