مزید خبریں

بیرون ملک اختلافات سے بالاترہوکر پاکستان کا وقاربحال کریں، عابد شمعون

معروف پاکستانی صحافی عابد شمعون چاند نےکہا کہ دیار غیرمیں ہم سب اپنے اپنے اختلافات سے بالاترہوکرپاکستان کی ترقی، خوشحالی اوربلند وقار کے لئے اپنی اپنی صلاحتوں کو بروئے کارلاتے ہوئے کام کریں تاکہ پاکستان کو دنیا میں عزت کی نگاہ سے دیکھا جائے۔ وہ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کی معروف کاروباری اورسماجی شخصیت راجہ اخلاق احمد کی جانب پاکستانی کمیونٹی اور دوستوں کے اعزاز میں مقامی ہوٹل میں دیئے گئے ایک پُرتکلف عشائیہ سے خطاب کر رہے تھے جس میں کمیونٹی ممتاز شخصیتوں اوردوستوں کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ عابد شمعون چاند کا مزید کہنا تھا کہ ہم دیارغیرمیں موجود مختلف مکاتب فکر کے لوگوں سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کرتے ہیں اور اپنے وطن کا مثبت چہرہ پیش کرتے ہیں ۔ جس سے ایک مضبوط کمیونٹی کو پروان چڑھانے کا موقع دستیاب ہوتا ہے۔
میزبان راجہ اخلاق احمد نے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم یک جان ہو کر پاکستان کی ترقی کے لیے مل کر اپنا کردار ادا کریں تاکہ ہماری آنے والی نسلوں کے لیئے روشن پاکستان کی تکمیل ہو سکے۔ ریاض میں ہماری کمیونٹی کا یہی حسن ہے کہ وہ مل جل کر اور باہمی بھائی چارے کو فروغ دیتے ہیں اور ایک دوسرے کی مدد کے لیئے پیش پیش رہتے ہیں۔ راجہ اخلاق احمد نے مزید کہا کہ دیار غیر میں ہم سب اپنے وطن کے سفیر ہیں۔ ہمیں اپنے مثبت طرزعمل سے پاکستان اور اسلام کا نام روشن کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں نوجوان نسل کو اپنے وطن کے ساتھ رشتوں کو مضبوط کرنے میں وقت کی اہم ضرورت ہے۔ راجہ اخلاق احمد نے سعودی عرب کی بھر پور ترقی اورخوشحالی پر خادم الحرمين الشريفين شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔
تقریب میں چوہدری نوید احمد، حامدعلی ملک اورمحمد سہیل نے بھی پُرتکلف عشائیہ پرراجہ اخلاق احمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہارکیا۔