مزید خبریں

سعودی عرب میں پاکستانی انجینئرلائق حسن کےاعزازمیں ایک پروقارتقریب

سعودی عرب میں کوانٹٹی سرونگ ایسوسی ایشن آف پاکستان کی جانب سے پاکستانی انجینئر لائق حسن کو برطانیہ کے رویال انسٹیٹیوٹ آف چارٹرڈ سر وئیر کے بورڈ آف چئیر سعودی عربیہ منتخب ہونے کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں کمیونٹی اکابرین نے بھر پور شرکت کی ریاض سے عابد شمعون چاند کے مطابق تقریب کے مہمان خصوصی سفارتخانہ پاکستان کے ویلفئیر اتاشی سہیل وڑائچ تھے۔ انھوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ سمندرپار پاکستانی شہری لائق حسن جیسے محنتی پاکستانی دیار غیر میں اپنی محنت کے ذریعے پاکستان کا نام بلند کرنے والے ہمارے سر کا تاج اور پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ مہمان خصوصی نے مزید کہا کہ دیار غیر میں ملک وقوم کے لیے خدمات سر انجام دینا بہت بڑے اعزاز کی بات ہے۔ تقریب کے مہمان لائق حسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی پاکستان میں ہو یا دیار غیر میں اپنی محنت لگن اور دیانت داری کی وجہ سے عزت پاتے ہیں اور اپنے ملک کا نام روشن کرتے ہیں۔ لائق حسن نے مزید کہا کہ آج ضرورت اس امرکی ہے کہ ہمیں اپنے نوجوانوں کو ایسے راستے پر گامزن کرنا ہوگا جو ملک کے لیے ترقی کی راہ ہموار کرنے میں اپنا تعمیری کردار ادا کریں۔ تقریب سے بابرظہیر، پروفیسرانجینئررفیق، راشد محمود اور دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے لائق حسن کی بے مثال کامیابی پرخراج تحسین پیش کیا۔ تقریب کے آخرمیں لائق حسن کو کوانٹٹی سرونگ ایسوسی ایشن کی جانب سے خصوصی شیلڈز بھی پیش کی گئی۔ سعودی عرب سمیت پاکستان کی ترقی خوشحالی اور سالمیت کے لیے خصوصی دعا کے بعد تقریب اختتام پذیر ہوئی۔