لاہور(جسارت نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی 3 سال بعد وائٹ بال کرکٹ میں واپسی کیلئے تیار ہیں، قومی ٹیسٹ کرکٹر اس سال رائل لندن ون ڈے کپ میں ووسٹر شائر کی نمائندگی کریں گے۔37سالہ اظہر علی نے آخری مرتبہ 2019 میں سمر سیٹ کی جانب سے وائٹ بال کرکٹ کھیلی تھی، 2018 میں ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے اظہر علی اب صرف طویل دورانیے کی کرکٹ کھیلتے ہیں مگر اب بھی ان کا وائٹ بال کرکٹ سے لگا باقی ہے، اس لیے انہوں نے اس سال اگست میں ہونیوالے کائونٹی ون ڈے ٹورنامنٹ رائل لندن کپ میں ووسٹر شائر کی نمائندگی کیلئے حامی بھر لی ہے۔اس سے قبل انہوں نے صرف کائونٹی چمپئن شپ کے فرسٹ کلاس میچز کھیلنے کیلئے ووسٹر شائر کے ساتھ معاہدہ کیا تھا۔اظہر علی کا کہنا ہے کہ وہ ایک بار پھر لسٹ اے کرکٹ کھیلنے پر خوش ہیں، کوشش ہوگی کہ اپنی کارکردگی سے کانٹی ٹیم کو کامیابیاں دلوانے میں کردار ادا کریں۔