مزید خبریں

جامشورو :سینڈوزروڈ کی تعمیر میں کرپشن ،ناقص میٹریل کا استعمال

جامشورو( نمائندہ جسارت) جامشورو سینڈوز روڈ کی تعمیر میں ٹھیکیدار کی کرپشن پر سماجی تنظیمیں ،شہری سخت نالاںہیں،روڈ میں ناقص میٹریل ، کچے پکے مکس پتھروں کا اِستعمال،زیرِتعمیر روڈچند ہی دِنوں میں ٹوٹ پھوٹ کر آثار قدیمہ کا منظر پیش کرے گا۔ روڈکے کناروں پر تاحال نالوں کی تعمیر کا کام شروع نہیں کیا گیا۔ سماجی تنظیموں اور شہریوں نے روڈ کا معیاری کام کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جامشورو سینڈوز روڈ جوکہ سہون شریف آنے جانے کا واحدروڈ تھا۔انتظامیہ کی نااِہلی کی وجہ سے روڈ تباہ حال ہونے کی وجہ سے عرصے دراز سے بند پڑا تھا،جس کی وجہ سے جامشورو شہر سے ضلع کے دیگر شہروں اور گوٹھوں سے آمدورفت کاسلسلہ منقطع ہوچکا تھا ۔عوامی دباؤ اور مسلسل سیاسی سماجی تنظیموں اور شہریوں کے احتجا ج، مظاہروں اور لانگ مارچ کے نتیجے میں ضلعی اِنتظامیہ نے بلدیاتی الیکشن کے قریب ہونے پر اِس کا کام شروع کراتودیاہے ۔ لیکن روڈ کی تعمیر میں استعمال ہونے والا میٹریل ناقص اور غیر معیاری جبکہ اِس پر رولر برائے نام چلایا جارہا ہے ۔ روڈٹھیکیدار کرپشن کی اِنتہا کرتے ہوئے کچے،پکے مکس پتھروں پر ریتی بھی برَائے نام چھڑکا کر عوام کی آنکھو ں میں دھول جھونک رہا ہے۔اِسکے علاوہ زِیر تعمیر روڈ پرریتی پتھروں پر پانی کا چھڑکاؤ بھی صحیح طریقے سے نہیں کیا جارہا ،واٹر ٹینکر زیرِتعمیر روڈ پر تیزی سے کم مقدار میں پانی چھڑکاؤ کہیں کرتا اور کہیں نہیں کرتا چلا جاتا ہے، لوگوں کی شکایات پر اِنکا کہنا ہے ہمیں جیسا حکم ملے گا ،ہم کام کریں گے،اِس دوران آج تک ٹھیکیدار کا دور دور تک دکھائی نہیںدیا ۔ اِس سلسلے میں شہریوں سماجی تنظیموں نے سخت برہمی کا اِظہار کرتے ہوئے متعلقہ بالا حکام اور رکن قومی و صوبائی اسمبلی سے اس روڈ کی تعمیر کے دوران کرپشن پر ایکشن لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ زیرِ تعمیر روڈ پر عوام کا پیسہ کرپشن کی نذر ہورہا ہے،اِسکو روکا جائے۔سینڈوز روڈ کی تعمیر جس انداز سے کی جارہی ہے وہ چند ہی دِنوں میں ٹوٹ پھوٹ کرآثارِ قدیمہ کا منظر پیش کرے گا۔شہریوں اور علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ تاحال روڈ کے ساتھ ساتھ نالوں کا کام بھی شروع نہیں کیا گیا۔ جبکہ لوگوں کے گھروں کے سامنے روڈ کی کھدائی کے دوران ملبہ چھوڑ دیا گیا ہے، جس سے علاقہ مکینوں کو سخت تکالیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔اُنہوں نے متعلقہ اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ روڈ کا کام معیاری طریقے سے کرایا جائے۔۔