مزید خبریں

قائدین مقدمات ختم کرانے کیلیے حکومت میں آئے ،عمران قریشی

حیدرآبا(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف حیدرآباد کے سینئر رہنما عمران قریشی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے مہنگائی ختم کرنے کے بجائے مہنگائی میں بے پناہ اضافہ کردیا ، غریب عوام غربت کے سبب دو وقت کی روٹی کھانے کو بھی ترس گئے ہیں۔ پیٹرول، گیس، اور بجلی کی قیمتوں میں آئے دن اضافے نے غریب عوام کو زندہ درگور کردیا ہے۔ اگر یہی صورتحال رہی تو پھر عوام اجتماعی خودکشی کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔ حالت یہ ہے کہ غربت ، بیروزگاری میں اضافہ ہورہا ہے ، کاروبار مکمل طورپر ٹھپ پڑے ہیں ، بجلی نہ ہونے کی وجہ سے سارا سارا دن دکاندار ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے رہتے ہیں۔ رات 9بجے کے بعد جب کاروبار چلنے کا وقت ہوتا ہے تو دوکانیں بند کرادی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اب یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ یہ حکومت اور اس میں شامل دیگر جماعتوں کے قائدین اپنے مقدمات ختم کرانے کے لیے آئے ہیں اور انہوں نے آتے ہی چیئرمین نیب کے معاملات میں مداخلت کرکے اپنے کیسوں کو کمزور کیا ہے ۔ اس صورتحال پر عدالت اور مقتدر حلقوں کو نوٹس لینا چاہیے کیونکہ اس وقت عوام جس مشکلات اور پریشانی سے دوچار ہے اگر عوام کو فوری طورپر ریلیف نہیں دیا گیا تو نہ یہ ملک کے لیے بہتر ہوگا اور نہ ہی اداروں کے لیے۔