مزید خبریں

کاروبار 9بجے بند کرنے کے باوجود لوڈشیڈنگ میں مزید اضافہ ہوگیا ،شہروز شیخ

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد میں بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری، کاروبار رات 9بجے بند کرنے کے باوجود لوڈشیڈنگ میں کمی کے بجائے مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار حیدرآباد ہوٹلز اینڈ ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری شہروز شیخ نے بدترین لوڈشیڈنگ پر مذمتی بیان میں کیا، شہروز شیخ نے کہا کہ حیدرآباد میں آج حیسکو نے ظلم کی انتہا کردی ہے شہر کے مختلف علاقوں میں مسلسل 10گھنٹے بجلی بند کرکے شہریوں، تاجروں اور ہوٹلز مالکان کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے، بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کاروبار پہلے ہی تباہ ہوچکا ہے اور رہی سہی کسر حکومت نے رات 9بجے کاروبار اور 11بجے ہوٹلز بند کراکے پوری کردی ہے، رات 11بجے ہوٹلز میں کاروبار کی شروعات ہوتی ہے اور اسی ٹائم بندش سے لاکھوں مزدور بے روزگار ہوجائیں گے، انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ فوری طور لوڈشیڈنگ پر قابو پاتے ہوئے رات 11بجے ہوٹلز اور ریسٹورنٹس بند کرنے کے اعلان پر نظر ثانی کرتے ہوئے مزدوروں کو بیروزگار ہونے سے بچائے۔