مزید خبریں

لاہور: ضمنی انتخابی مہم، (ن) لیگ و پی ٹی آئی میں تصادم ، الیکشن کمیشن کا نوٹس تحقیقات کا حکم

 

لاہور/اسلام آباد(آن لائن+صباح نیوز) مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان بینر اتارنے پر جھگڑا اور مخالفین نے فائرنگ کر دی جس کے باعث متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ لاہور میں ضمنی الیکشن سے قبل 2 سیاسی گروپوں ن لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکنان آمنے سامنے آ گئے اور ایک دوسرے پر حملہ کر دیا۔ پی پی 167 جوہر ٹاؤن میں فائرنگ سے متعدد افراد زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں ہنگامہ آرائی اور فائرنگ سے متعدد افراد زخمی ہوئے، جھگڑا ن لیگ اور پی ٹی آئی کارکنوں کے درمیان بینر اتارنے کے معاملے پر ہوا۔مسلم لیگ ن کے امیدوار نذیر چوہان نے دعویٰ کیا کہا کہ الیکشن مہم کے بعد واپس گھر جا رہا تھا کہ فائرنگ ہوئی جبکہ فائرنگ کرنے والے ملزمان بھی فرار ہوگئے۔ فائرنگ سے ان کا بیٹا زخمی ہوا ہے جبکہ حملہ مخالف امیدوار، اس کے بھائی اور ساتھیوں نے کیا ۔ دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما خالد گجر نے الزام لگایا کہ نذیر چوہان ہمارے آفس کے سامنے آکر فلیکس اتار رہا تھا، ورکرز کو گاڑی ماری اور بیٹے کو زخمی کیا، تصاویر اتارنے کی کوشش کی 3 ورکر زخمی ہوگئے۔ خالد گجر نے بتایا کہ بیٹے کی حالت بہتر ہے جو جناح اسپتال میں زیر علاج ہے، زخمی کارکنوں کا میڈیکل ہو رہا ہے۔ تھانہ جوہر ٹاؤن درخواست دے دی ہے۔دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 167 لاہور میں فائرنگ اور تشدد کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی ہے،آئی جی پنجاب سردار علی خان کو کسی سیاسی وابستگی کو ملحوظ خاطر رکھے بغیر واقعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔چیف الیکشن کمشنر نے معاملے پر سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید کو ہدایت دی ہے کہ کسی سیاسی وابستگی کو ملحوظ خاطر رکھے بغیر آئی جی پنجاب واقعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری یقینی بنائیں، آئی جی پنجاب کو واقعہ کی شفاف انکوائری کروا کر رپورٹ الیکشن کمیشن کو پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے معاملہ پر الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے امیدواروں کو پیر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا ہے۔صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کا کہنا ہے کہ امیدواروں کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور اسلحے کے استعمال پر نوٹس جاری کیے گئے، دونوں امیدواروں کو آج( پیر) کو ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کے سامنے پیش ہونے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن کاکہنا ہے کہ تشدد اور فائرنگ کے واقعے کی فوری اور غیر جانبدارانہ کارروائی کو یقینی بنایا جائیگا۔