مزید خبریں

سعد رفیق کا لاہور ائرپورٹ پر طیارے سے پرندے ٹکرانے کا نوٹس

لاہور (آن لائن) وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے لاہور ائرپورٹ پر طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات کا فوری نوٹس لے لیا۔ اتوار کو لاہور ائرپورٹ پر متعلقہ افسران کا ہنگامی اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر ہوابازی نے فوری طور پر اقدامات اٹھانے کے احکامات جاری کیے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ دنیا میں پرندوں سے بچاؤ کیلیے رائج جدید ترین ٹیکنالوجی کو پاکستانی ائرپورٹس پر بھی رائج کیا جائے گا، فجر سے طلوع آفتاب کے دوران پروازوں کے نظام الاوقات میں ردو بدل کیلیے ائرلائنز انتظامیہ سے رابطہ کیا جائے گا۔انسانی جان کی حفاظت سب سے مقدم ہے، برڈ ہٹ کیلیے فوری لائحہ عمل وضع کرنے کی اشد ضرورت ہے، مسافروں اور طیاروں کی حفاظت پر کسی صورت سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا ۔ مون سون سیزن میں نکلنے والے حشرات الارض کے خاتمے کیلیے خصوصی کیمیکل کا استعمال کیا جائے۔ لاہور اور کراچی ائرپورٹ کے گردو نواح میں کوڑا ٹھکانے لگانے کیلیے سولڈ ویسٹ انتظامیہ فوری اقدامات کرے۔ عوام الناس کی آگاہی کیلیے الیکٹرونک اور پرنٹ میڈیا کے علاوہ سوشل میڈیا مہم بھی فوری طور پر شروع کی جائے۔