مزید خبریں

سلیم مانڈوی والا کے اسرائیل کی حمایت میں بیان کی شدید مذمت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست رہنماؤں بشمول سابق رکن قومی اسمبلی و رہنما جماعت اسلامی محمد حسین محنتی، نائب امیر مسلم پرویز، سابق اراکین سندھ اسمبلی محفوظ یار خان، میجر (ر) قمر عباس، پاکستان مسلم لیگ (ف) کے رہنما سردار رحیم،مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر علامہ باقر زیدی ودیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں ڈپٹی چیئر مین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کے اسرائیل کی حمایت میں بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنماؤں نے اراکین پارلیمنٹ ، سینیٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے اراکین سے اپیل کی ہے کہ وہ سینیٹ کے اہم ترین عہدے پر فائز سلیم مانڈوی والا کی جانب سے اسرائیل کی حمایت میں بیان کے خلاف اپنی آواز بلند کریں۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سلیم مانڈوی والا کو فی الفور سینیٹ کے اعلیٰ عہدے سے برطرف کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے نظریہ کا مذاق اڑانے والوں کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے اس معاملہ پر سنجیدہ اقدامات نہ کیے تو احتجاج کا راستہ اپنائیں گے۔