مزید خبریں

شبیر قریشی کو فوری رہا کیا جائے، عمران اسماعیل، حلیم عادل

کراچی (اسٹاف رپورٹر)تحریک انصاف کے رہنما اورسابق گورنرسندھ عمران اسماعیل،اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے شبیر قریشی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے ، انہوں نے کہا کہ کراچی میں اب اراکین اسمبلی بھی محفوظ نہیں،قانون کے نام پر اپنی ریاست قائم کرکے جسے دل چاہے اٹھالیا جاتا ہے،آئی جی سندھ پی ٹی آئی کے رکن شبیر قریشی کو فوری بازیاب کرائیں،بصورت دیگر آئی جی آفس کے باہر احتجاج ہوگا،ان کا کہنا تھا کہ رات بھر 2 پولیس موبائلیں شبیر قریشی کے گھر کے باہر موجود تھیں۔پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان نے ایم پی اے شبیر قریشی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کی جیالا فورس نے پی ٹی آئی کو نیزے پر رکھا ہوا ہے، ہر قسم کے جھوٹے الزامات پی ٹیآئی رہنماؤں پر لگائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شبیر قریشی کی جبری گرفتاری تشویشناک ہے، مذمت کرتے ہیں، انہیں فوری رہا کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔تحریک انصاف کی جانب سے اپنے رکن سندھ اسمبلی کی گرفتاری کے خلاف شدید احتجاج کے بعد پولیس کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی کوخاتون کی شکایت پر پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔