مزید خبریں

وزیراعظم آزاد کشمیرکا مستحقین کیلیے زکوۃ کی رقم بڑھاکر 10ہزار کرنیکا حکم

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے مقامی زکوۃ کمیٹیوں کے ذریعے مستحقین کو سال میں ایک بار دیے جانے والی 3000 روپے کی رقم بہت ناکافی ہے اور اسے بڑھا کر 8 سے 10 ہزار روپے کیا جائے جبکہ بیوگان کیلیے اس رقم کو 15000روپے کیا جائے، وزیراعظم نے غریب اور یتیم بچیوں کیلیے 12ہزار روپے پر مشتمل جہیز فنڈ کو ایک مذاق قرار دیتے ہوئے اسے 50 ہزار روپے تک کرنے کا حکم دے دیا۔ سیکرٹری زکوۃ و عشر سردار جاوید ایوب کی جانب سے دی جانے والے محکمانہ بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر نے حکام کو فنی تعلیم حاصل کرنے والے نادار طلبہ کے وظیفے اور مدارس کو دوگنا کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے یہ اعلان بھی کیا کہ حکومت مستند دینی مدارس کو برائے راست 40 کروڑ کی سالانہ امداد بھی مہیا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جہاں زکوۃ اسلام کا ایک اہم ستون اور ہماری سالانہ بچت کو پاک کرنے کا ذریعہ ہے وہاں اس کی شفاف تقسیم بھی ایک بڑا چیلنج ہے، جسے ایک مذہبی فریضہ سمجھ کر ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ محکمہ زکوۃ کی تقسیم کے نظام کو ڈیجیٹلائزیشن کی طرف منتقل کرنے کیلیے قابل عمل تجاویز مرتب کرے تاکہ شفافیت اور جوابدہی کے ساتھ ساتھ اس عمل میں سیاسی مداخلت کا خاتمہ کیا جاسکے۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ انتظامی اخراجات میں کمی کیلیے صوابدیدی آسامیوں کو بتدریج ختم کیا جائے گا اور 326 مستقل ملازمین کو بتدریج دوسرے محکمہ جات میں منتقل کیا جائے گا۔