مزید خبریں

نیوٹرلز کو سمجھایا حکومت گرائی تو آنیوالے نہیں سنبھال سکیں گے ، عمران خان

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیراعظم و تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ نیوٹرلز کو سمجھایا کہ سازش ہورہی ہے اگر حکومت گرائی گئی تو آنے والوں سے نہیں سنبھالی جائے گی۔عمران خان کی کال پر ملک کے مختلف شہروں میں پی ٹی آئی کارکنوں نے مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے۔عمران خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے مہنگائی کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین سے خطاب کیا۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ آج ہماری معیشت خطرے میں ہے، موڈیز نے پاکستان کی ریٹنگ کم کردی ہے اور مجھے خوف ہے کہ ملک وہاں پہنچ جائے گا جہاں سری لنکا پہنچ گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ امریکا سے سازش ہوئی اوریہاں سے میر جعفر اور میر صادق ان سے ملے، نیوٹرلز کو سمجھایا کہ سازش ہورہی ہے، اگر حکومت گرائی گئی تو آنے والوں سے نہیں سنبھالی جائے گی، جس وقت ان کوسمجھایا گیا وہ سازش کو ناکام بنانے کا وقت تھا۔ عمران خان نے کہا کہ اگر یہ حکمران ملک پر مسلط رہے تو اداروں کو دفن کردیں گے پھر کہہ رہا ہوں صرف انتخابات نہیں، صا ف اور شفاف انتخابات تک جدو جہد جاری رہے گی، صاف اور شفاف الیکشن نہ ہوئے تو ملک میں مزید انتشار ہوگا۔ان کا کہنا تھاکہ فیٹف قانون کی منظوری کے لیے ہمیں بلیک میل کیا گیا، مجھے امید ہے کہ پاکستان گرے لسٹ سے نکل جائے گا۔ عمران کا کہنا تھا کہ مفتاح اسماعیل نے امریکی سفیر کو کہا کہ ہمیں ریلیف دلادیں، میں مفتاح اور شہباز کو بتانا چاہتا ہوں کہ امریکیوں کی نظر میں ہر ایک چیز کی قیمت ہے اور امریکا ہماری حقیقی آزادی کی قیمت لے گا۔