مزید خبریں

بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں مزید 4 کشمیری نوجوان شہید

 

سری نگر (اے پی پی) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض فوج نے کپواڑہ اور کولگام کے اضلاع میں 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوج نے 2 نوجوانوں کو کپواڑہ جبکہ 2 کولگام میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا‘ واقعے کے خلاف احتجاج پر پولیس کا مظاہرین پر وحشیانہ تشدد کیا۔ علاوہ ازیں غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی ہٹ دھرمی ترک کرے اور تنازع کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سری نگر میں ایک بیان میں حریت کانفرنس نے کہا کہ حق خود ارادیت کے حصول کے لیے کشمیریوں کی جدوجہد کو بھارتی مظالم سے دبایا نہیں جا سکتا‘ بھارت کو خطے میں جاری غیر یقینی صورتحال کے خاتمے کے لیے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے سنجیدگی دکھانی چاہیے۔ ادھرجموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی، جموں و کشمیر پیپلز لیگ اور دیگر تنظیموں نے اپنے الگ الگ بیانات میں ممتاز اسلامی اسکالر ڈاکٹر قاضی نثار احمد کوان کی 28ویں برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔