مزید خبریں

بلوچستان: سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں بی ایل ایف کے 6 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی (صباح نیوز) بلوچستان میں سیکورٹی فورسزکے آپریشن میں کالعدم بلوچستان لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) کے6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ اتوار کو آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر بلوچستان کے علاقے پاروم کے قریب سینٹرل مکران مانٹین رینج میں آپریشن کیا، جب سیکورٹی فورسز کی ٹیموں نے علاقے میں کلیئرنس آپریشن شروع کیا تو دہشت گردوں نے فرار ہونے کی کوشش میں سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کردی‘ فائرنگ کے تبادلے میں بی ایل ایف سے تعلق رکھنے والے6 دہشت گرد مارے گئے‘ ہلاک دہشت گرد سیکورٹی فورسز کی چوکیوں پر حملوں میں ملوث تھے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ ،گولہ بارود اور مواصلاتی آلات بھی برآمد ہوئے ہیں۔