مزید خبریں

عالمی ادارے کی بد ترین شرائط براہ راست عوام پر مسلط کردی گئیں،لیاقت بلوچ

لاہور( نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے سینئر صحافی، تجزیہ نگار سلمان غنی کے بھائی عثمان غنی مرحوم اور جماعت اسلامی کے سینئر رہنما مقبول احمد کے انتقال پر تعزیت اور رینالہ خورد میں صوبائی حلقہ کے امیدوار رائے عتیق کھرل کی جانب سے ورکرز کنونشن سے خطاب کیا۔ جاوید قصوری، ڈاکٹر بابر رشید، فاروق شیخ، چوہدری شوکت چدھڑ بھی اِس موقع پر موجود تھے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ فوجی آمریتیں، پی پی پی، مسلم لیگ اور پی ٹی آئی حکومتوں نے قیامِ پاکستان کے مقاصد سے انحراف کرکے ملک و ملت کو ناقابلِ تلافی
نقصان پہنچایا ہے۔ عام آدمی روٹی روزی، روزانہ کی بنیاد پر مسائل کی دلدل میں دھنس گیا ہے۔ حکمران طبقہ دھڑلے اور دیدہ دلیری سے عوام پر مہنگائی، بے روزگاری، بجلی، پیٹرول، گیس، عام ضرورت کی اشیاء کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کے بم گرارہا ہے، کوڑے برسا رہا ہے۔ عوامی ردعمل کا لاوہ پھٹنے والا ہے، حکمران ٹولوں کو جائے پناہ نہیں ملے گی۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ آئی ایم ایف اور ایف اے ٹی ایف کا شکنجہ سِول ملٹری بیوروکریسی کی شاہ خرچیوں، آئین اور قوانین کی پامالی، خصوصاً سیاسی جمہوری قیادت کی کرپشن، نااہلی، نالائقی کی وجہ سے مسلط ہوا۔ عملاً بدترین شرائط، ڈکٹیشن براہِ راست عوام پر مسلط کردی گئی ہیں۔ مراعات یافتہ طبقہ کو محفوظ چھتری مہیا رہے گی۔ پاکستان ایف اے ٹی ایف کا گرے لسٹ سے نکلنا اُسی وقت مفید ہوگا جب قومی معیشت، قومی وسائل کی تقسیم، انسانی صلاحیتوں کا بہتر استعمال اور کرپشن، رشوت، اللو تللوں کی خرابیاں ختم کی جائیں۔ سُود، قرضوں، کرپشن اور کشکول پر مبنی اقتصادی حکمتِ عملی ناکام ہوگئی ہے۔ سُود کا خاتمہ، اسلامی معاشی نظام، خودانحصاری کا نظام اور عالمی برادری سے ازسرِنو بات چیت ہی مستقل حل ہے۔ قومی سیاسی قیادت اور سِول ملٹری قیادت کو مل کر اقتصادی ایکشن پلان اور قومی ترجیحات کا تعین کرنا ہوگا۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعتِ اسلامی پنجاب کے ضمنی انتخابات کے صوبائی حلقوں کے امیدوار ترازو نشان پر حصہ لیں گے۔ کے پی کے، بلوچستان، سندھ کے بلدیاتی انتخاب میں بھی جماعتِ اسلامی کے امیدوار تراز نشان پر حصہ لے رہے ہیں۔ کے پی کے، سندھ، بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے بعد پنجاب کے عوام پر بلدیاتی حقوق سے محرومی کا غیرآئینی تسلط ختم کیا جائے۔