مزید خبریں

عامر لیاقت کا پوسٹ مارٹم کرانے کی درخواست منظور

کراچی (آن لائن)مقامی عدالت نے معروف ٹی وی اینکر اور سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے پوسٹ مارٹم کا حکم دے دیا ،سٹی کورٹ میں عامرلیاقت کا پوسٹمارٹم کرانے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی، عدالت میں عامر لیاقت کے ورثا اور سرکاری وکیل پیش ہوئے۔عدالت نے شہری کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے عامر لیاقت کا پوسٹ مارٹم کرانے کے
لیے پولیس کو میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دے دیا ،عدالت میں پیش کی گئی پولیس رپورٹ کے مطابق پولیس سرجن نے کہا ہے کہ جب تک جسم کا اندرونی جائزہ نہیں لیا جائے گا موت کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں گی، عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد درخواست منظور کرتے ہوئے حکم دیا کہ پولیس میڈیکل بورڈ قبر کشائی کر کے پوسٹ ماٹم کرے۔واضح رہے کہ گزشہ روز ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی وفات کی وجہ جاننے کے لیے قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے خصوصی بورڈ تشکیل دینے کی درخواست دائر کی گئی تھی۔کراچی کے ایک شہری عبدالاحد خان کی جانب سے اپنے وکیل بیرسٹر ارسلان راجاکے ذریعے دائر درخواست میں کہا گیا تھا کہ مرحوم ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی پراسرار اور اچانک موت نے کراچی کے شہریوں میں شبہات کو جنم دیا ہے کہ کسی نے جائداد کے تنازع پر ان کا قتل کیا ہے۔