مزید خبریں

فیٹف کے معاملے میں ’’خاکی‘‘ کا کردار نمایاں رہا،حافظ حسین احمد

کوئٹہ(آن لائن)جمعیت علماء اسلام کے سینئر رہنما حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ ’’فیٹف‘‘ نے پاکستان پر عائد تمام 34اہداف پورے کرنے کے اعتراف کے باوجود ’’گرے لسٹ‘‘ سے نکالنے کا اعلان اکتوبر میں کرنے کا فیصلہ شاید اس وجہ سے کیا کیوں کہ موجودہ وزیر اعظم شہباز شریف اور پنجاب کے وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز شریف ایف آئی اے میں منی لانڈرنگ کے ملزم ہیں
،اگرچہ اعلیٰ ترین عہدوں پر ہونے کی وجہ سے اب تک اُن دونوں پر فرد جرم عائد نہ کی جاسکی اور دونوں ضمانت پر بھی ہیں۔ وہ ہفتہ کو اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اکتوبر میں نہ صرف خزاں کا آغاز ہوگا بلکہ اکتوبر کے بعد ’’نومبر‘‘ بھی آرہا ہے جبکہ پی ڈی ایم کے پیشن گوئی کے مطابق خزاں جائے بہار آئے نہ آئے یہ پیشن گوئی تو کمر توڑ مہنگائی کے باعث پوری ہوچکی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے بلیک اینڈ وائٹ کردار سے زیادہ پاکستان کو ’’گرے‘‘ سے نکالنے میں’’اُن‘‘ کا ’’خاکی‘‘ کردار نمایاں رہا ہے۔