مزید خبریں

بزرگ شہری نے رکشا ، موٹر سائیکل سواروں کو مفت پیٹرول دلایا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اورنگی ٹاؤن سے تعلق رکھنے والے بزرگ شہری مہنگائی کے ستائے عوام کے لیے مسیحا بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن نمبر 5 میں ایک پیٹرول پمپ پر بزرگ شہری نے 90 کے قریب، رکشہ اور موٹر سائیکل سواروں کو فی کس 700 روپے کا پیٹرول جس کی مالیت63000 روپے بنتی ہے جس کی ادائیگی اپنی جیب سے کی ہے۔لوگ بزرگ شہری کی وڈیو بنانے لگے تو انہوں نے سختی سے منع کردیا لیکن کچھ شہریوں نے وڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کردی جو وائرل ہوگئی ہے۔وائرل کی گئی وڈیو میں ایک معمر شخص ایک رسید تھامے ہوئے ہے اور جس رکشے اور موٹر سائیکل میں پیٹرول بھر جاتا ہے تو وہ رسید میں ٹک کا نشان لگاتے ہیں۔پیٹرول پمپ پر موجود بزرگ شہری 90کے قریب افراد کے رکشے اور موٹر سائیکل میں پیٹرول ڈلوانے کے بعد چلے گئے اور ان سے کسی کا اب تک رابطہ ممکن نہیں ہوسکا ہے۔واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تیسری مرتبہ اضافہ کر دیا گیا ہے جس کے بعد سے پیٹرول 24 اور ڈیزل 59 روپے لیٹر مہنگا مل رہا ہے۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد عوام کی جانب سے حکومت پر سخت تنقید کی جارہی ہے اور سوشل میڈیا صارفین بھی میمز بنا کر حکومت پر طنز کررہے ہیں۔