مزید خبریں

عدالت نے عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کا حکم دے دیا

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے ڈاکٹر عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کیلیے درخواست کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا ۔تحریری حکم نامے کے مطابق جب موت مشکوک ہو اور جرم کا بھی خدشہ ہو تو تو انصاف کے نظام کو حرکت میں آنا چاہیے۔ عدالت نے سیکرٹری صحت کو ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے پوسٹ مارٹم کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کردی، میڈیکل بورڈ پوسٹ مارٹم کی تاریخ کا تعین کرے گا ،عدالت نے ایس ایچ او بریگیڈ کو میڈیکل بورڈ کی تشکیل اوراس سے متعلق عدالت کو آگاہ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے جبکہ ایس ایچ او تھانہ بریگیڈ کو تمام انتظامات کرنے کا بھی حکم دیا ہے ۔ہفتے کو جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے ڈاکٹر عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کے لیے شہری عبد الاحد کی درخواست پر محفوظ کیا جانے والا فیصلہ سنادیا ۔فاضل عدالت کا اپنے تحریری حکمنامہ میں کہنا تھا کہ ورثاء کا موقف ہے کہ عامر لیاقت حسین کے پوسٹ مارٹم سے ان کی قبر کی بے حرمتی ہوگی،کوئی شک نہیں ہے کہ ورثا عامر لیاقت کی قبر کے وارث ہیں لیکن جب موت مشکوک ہو اور جرم کا بھی خدشہ ہو تو تو انصاف کے نظام کو حرکت میں آنا چاہیے جبکہ پس پردہ حقائق کو سامنے آنا چاہیے،پولیس سرجن کے مطابق عامر لیاقت کی موت وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔