مزید خبریں

واٹر بورڈ کی ایم ڈی ریٹائرڈ،افسران کی عہدے کیلیے بھاگ دوڑ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی منیجنگ ڈائریکٹر فریدہ سلام جمعہ کے روز اپنی مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد ریٹائر ہوگئیں، جس کے بعد کراچی کے اہم ترین ادارے کے ایم ڈی کا عہدہ خالی ہوگیا ہے۔حکومت سندھ کی جانب سے تاحال کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے ایم ڈی کے عہدے پر کسی افسر کا تقرر نہیں کیا جاسکا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فریدہ سلام کی ریٹائرمنٹ سے قبل ہی واٹر بورڈ کے اور سندھ حکومت کے بعض افسران کی جانب سے ایم ڈی کا عہدہ حاصل کرنے کے لیے کوششیں شروع کردی گئی تھیں۔ذرائع کے مطابق افسران کی جانب سے وزیر بلدیات، وائس چیئرمین واٹر بورڈ نجمی عالم، سیکرٹری بلدیات کو مکمل تابعداری کا یقین دلایا جارہا ہے، واٹر بورڈ کے ڈی ایم ڈی ٹیکنیکل کے عہدے پر فائز سینئر افسر ایوب شیخ، ڈی ایم ڈی فنانس کے عہدے پر تعینات گریڈ 19 کے رفیق قریشی، گریڈ 19 کے صلاح الدین اور گریڈ 20 کے محمد ثاقب ایم ڈی واٹر بورڈ کے عہدے کی دوڑ میں شامل ہیں۔