مزید خبریں

سندھ سرکار پر مرضی کے پولنگ اسٹیشن قائم کرنیکا الزام، پی ٹی آئی کا احتجاج

میرپورخاص(نمائندہ جسارت)سندھ کے حکمرانوں نے بلدیاتی الیکشن جیتنے کے لیے پری پول رگنگ شروع کر دی ہے، صوبے میں 14 سال سے ملسط حکمران ٹولہ بلدیاتی الیکشن میں اپنے مخالفین کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کروا کر الیکشن سے دستبردار کرنے کے لیے دبائو ڈال رہے ہیں، پیپلزپارٹی کے لوگ الیکشن میں دستبردار ہونے کے لیے گھروں پر حملے، دھمکیاں دینے اور ہراساں کرنے سمیت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں، ڈی آر او، آر او اور پولیس حکمران جماعت کی کمداری میں مصروف ہیں، آئی جی، سندھ الیکشن اور دیگر افسران جھوٹے مقدمات ختم کروائیں۔ ان خیالات کا اظہار رکن قومی اسمبلی کے حمایت پینل کے یوسی کھان سے چیئرمین کے امیدوار ذیشان مری، یوسی پیر عظیم شاہ سے چیئرمین کے اُمیدوار سردار خان، جنرل کونسلر کے اُمیدوار دھنراج، بابو شاہ، مسعود وسان اور دیگر نے پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب اور پریس کلب کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے کیا، احتجاجی مظاہرے میں پی ٹی آئی کے صدر آفتاب قریشی نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ پر 14 سال سے مسلط حکمران ٹولے نے بلدیاتی الیکشن سے قبل ہی دھاندلی شروع کر دی ہے مخالفین کو ہرانے کے لیے اپنی مرضی کے پولنگ اسٹیشن قائم کروائے گئے ہیں، مخالفین کو الیکشن میں دستبردار کروانے کے لیے ان کے اور ان کے رشتہ داروں کے خلاف منشیات کے جھوٹے مقدمات درج کروائے جا رہے ہیں ڈی آر او، آر او اور پولیس حکمرانوں کی کمداری میں لگی ہوئی ہے یوسی کھان سے جنرل کونسلر کے امیدوار دھنراج کو الیکشن سے دستبردار نہ ہونے پر اس کے بھانجے کے خلاف گٹکے کے الزام کے تحت جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا ہے جس کی ہم بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور الیکشن کمیشن، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی اور ایس ایس پی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ دھنراج کے بھانجے کے خلاف جھوٹا مقدمہ فوری واپس لیا جائے اور ایس ایچ او کو معطل کیا جائے، ڈی آر او اور آر او ایک پارٹی کی حمایت کرنے کے بجائے شفاف الیکشن کو یقینی بنائیں دیگر صورت میں احتجاج کا راستہ اختیار کیا جائے گا بعد ازاں انہوں نے پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا جس میں پی ٹی آئی کے ضلعی صدر آفتاب قریشی نے بھی شرکت کی مظاہرین نے پولیس، ڈی آر او اور آر او کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔