مزید خبریں

بلدیاتی انتخابات کیلیے سب ایک پیج پر کام کریں، ڈی سی کندھکوٹ

کندھکوٹ(نمائندہ جسارت) ڈی آر او ڈپٹی کمشنر منور علی مٹھیانی کی زیر صدارت بلدیاتی الیکشن کے انتظامی امور پر اجلاس ہوا۔اجلاس میں الیکشن کمشنر محمد حنیف ،ایس ایس پی امجد احمد شیخ، رینجرز کرنل رائے جاوید اصغر، آر او ز اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آر او ڈپٹی کمشنر منور علی مٹھیانی نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان کی واضح ہدایات ہیں کہ پولنگ اسٹیشن کے اندر موبائل فون لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ تمام معاملات میں بلا تفریق ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کیا جائے، انہوں نے کہا کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے اور سب کے ساتھ یکساں سلوک کیا جائے گا۔ یہ اجلاس اس مقصد کو مربوط بنانے کے لیے منعقد کیا گیا ہے کہ سب مل کر ایک پیج پر کام کریں تاکہ بلدیاتی انتخابات کو احسن طریقے سے انجام دیا جا سکے۔ پولنگ اسٹیشن پر سہولیات، اسٹاف کی موجودگی اور لائٹنگ کے انتظامات مکمل کر لیے جائیں گے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر محمد حنیف نے بتایا کہ 104 مختلف کیٹیگریز کی سیٹیں بغیر مقابلے کے کلیئر ہو گئی ہیں، 97 میل اور 97 فی میل اور 224 کمبائنز جبکہ 418 پولنگ اسٹیشنز بنائے جائیں گے۔ اس موقع پر ایس ایس پی امجد احمد شیخ، رینجرز کے کرنل رائے جاوید اصغر نے سیکورٹی پلان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے الیکشن کو صاف و شفاف بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سیکورٹی کا انتظام پولیس اور رینجرز کریں گے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان کی ضابطہ اخلاق کے حوالے سے واضح ہدایات ہیں کہ جس پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹ پلان کو بہتر بنایا جائے گا۔