مزید خبریں

۔3بڑی جماعتوں نے عوام کو آئی ایم ایف کے سامنے پھینک دیا ،علی احمد گورایہ

فیصل آباد(نمائندہ جسارت)کسان بورڈ کے ضلعی صدر وپی پی97میں جماعت اسلامی کے نامزد اُمیدوار چودھری علی احمدگورایہ نے ملک کو درپیش مسائل کا ذمہ دار فرسودہ نظام اور اس کے رکھوالوں کو قرار دیا ہے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کو مسترد کریں اور ضمنی انتخابات میں ووٹ دیں انشاء اللہ عام آدمی اور کسانوں کے مسائل حل کروں گا۔انہوں نے کہاکہ جھمرہ اورگردونواح میں یوریا کھاد کا بحران، کسان پریشان، دھان سمیت دیگر فصلوں کی پیداوار متاثر ہونے کا خدشہ،اگر کسانوں کو مقررہ ریٹ پر کھادکی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور کسانوں کو کھاد کے حصول کے لیے ذلیل و رسوا نہ کیا جائے ورنہ ہزاروں کسان سڑکو ںپر نکل آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 3 بڑی جماعتوں نے عوام کے ہاتھ پائوں باندھ کر انھیں آئی ایم ایف کے سامنے پھینک دیا ہے۔ پی ڈی ایم اور پی پی کی اتحادی حکومت پی ٹی آئی کی پالیسیوں کا ہی تسلسل ہے یہ کوئی مبالغہ نہیں کہ مہنگائی کی وجہ سے عوام کے لیے سانس لینا دشوار ہو گیا ہے۔ غریب روٹی کے نوالے کے لیے ترس رہا ہے جب کہ حکمران اسلام آباد کے ائرکنڈیشنڈ کمروں میں بیٹھے تماشا دیکھ رہے ہیں۔ حکمرانوں نے یہ وطیرہ بنا لیا ہے کہ آئی ایم ایف سے قرضے لو، اپنی جیبیں بھرو اور سود سمیت قرضوں کی ادائیگی کے لیے عوام کا خون نچوڑو۔ گزشتہ 75برس سے یہی کھیل جاری ہے۔ آئی ایم ایف سے اب تک 22دفعہ قرضے لیے گئے اور ہر موقع پر حکمرانوں کا یہی کہنا ہوتا ہے کہ ملک کی معیشت کو پٹڑی پر ڈالنے کے لیے عالمی مالیاتی ادارے کے پاس جانا ضروری ہے، لیکن قوم دیکھ رہی ہے کہ ہر دفعہ قرض لینے کے بعد قومی معیشت مزید تباہی سے دوچار ہوئی۔ پی ٹی آئی تبدیلی اور ریاست مدینہ کا نام لے کر اقتدار میں آئی، لیکن قوم کے ساڑھے 3سال برباد کیے۔ پی ٹی آئی کو رخصت کرنے والے یہ دعوے کر رہے تھے کہ وہ ملک کو ٹھیک کر دیں گے لیکن اب حال سب کے سامنے ہے۔ ملک کے طول و عرض میں گھنٹوں لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 234روپے، بجلی کی قیمت میں 9روپے فی یونٹ اور گیس کی قیمت 45 فیصد تک بڑھا دی گئی۔ پی پی97کے عوام سے ایپل ہے کہ چوراورڈاکوئوںسے نجات کے لیے ووٹ دیں انشاء اللہ منتخب ہوکرعام آدمی ا ورکسانوں کے مسائل حل کرائیں گے۔