مزید خبریں

باڈہ: ٹرانسفارمر نہ ملنے پر شہری سڑکوں پر نکل آئے

باڈہ (نمائندہ جسارت) شہر کے وارڈ نمبر 4 کے باشندے استاد قربان علی نوناری، حافظ غلام رسول سنجرانی، بخشل کھوکھر، احمد بشیر نوناری اور دودو دیشی کی قیادت میں معصوم بچوں کے ساتھ ہاتھوں میں بینرز اُٹھائے بجلی کا ٹرانسفارمر نہ ملنے پر سڑکوں پر نکل آئے۔ اس موقع پر شرکاء نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ سے بجلی کے ٹرانسفارمر کے لیے مسلسل احتجاج کر رہے ہیں لیکن علاقے کے ایم پی ای اور ایم این ای کے ساتھ وارڈ 4 میں الیکشن امیدوار ہمارے احتجاجوں کو نظرانداز کر رہے ہیں جس وجہ سے مکینوں میں بے چینی پھیلی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر الیکشن مہم میں نمائندوں نے باڈہ وارڈ نمبر 4 مکینوں سے نئے ٹرانسفارمر کے ساتھ دیگر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے وعدے کیے تھے جن کو آج تک وفا نہیں کیا گیا۔ اس جدید دور میں بھی وارڈ 4 مکین جن میں اکثریت کسان اور مزدوروں کی ہے بجلی کے بغیر عذاب والی زندگی بسر کر رہے ہیں، دیگر محلوں کے ٹرانسفارمر سے بجلی چلانے میں بجلی چوری کی خدشہ ہوتا ہے اور چور بجلی کی تار بھی چوری کرلیتے ہیں، بجلی نہ ہونے کی وجہ سے بچوں کو تدریسی عمل پورہ کرنے میں بھی شدید تکالیف درپیش ہیں۔