مزید خبریں

امپورٹڈ حکومت نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا، عبدالکریم بلیدی

 

ٹنڈوباگو (نمائندہ جسارت )جماعت اسلامی کی جانب سے پیٹرول،ڈیزل،کی قیمتوں میں تاریخی اضافہ اور بڑھتی ہوئی ہوشربا مہنگائی کے خلاف ٹنڈوباگو میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا مظاہرین نے 2 گھنٹے تک سڑک بند کردی جس کے نتیجے میں کئی گھنٹے ٹریفک معطل رہی۔مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی ضلع بدین کے نائب امیر ونامزد اُمیدوار ڈسٹرکٹ کاؤنسل عبدالکریم بلیدی ودیگر نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ایک ماہ کے دوران پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ کرکے ملکی معیشت اور زراعت کو تباہ کرنے کی مکمل تیاری کرلی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان سے حکومت نہیں چل پارہی تو شرافت سے گھر جائیں اور انتخابات کا جلد اعلان کریں۔اس موقع پر غریب محنت کشوں نے کہا کہ حکومت نے غریب عوام کو موت کے منہ میں دھکیل دیا بچوں کے لیے دو وقت کے بجائے اب ایک وقت کی روٹی کے بھی لالے پڑے ہوئے ہیں۔