مزید خبریں

تیسری مرتبہ ون ڈے کرکٹ میں ایک اننگز میں 3 سنچریاں

نیدرلینڈس کے خلاف ایمسٹل وین میں17 جون2022 کو کھیلے گئے پہلے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں انگلینڈ کے 3 بلے باز سنچریاں بنانے میں کامیاب رہے۔ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں یہ تیسرا موقع تھا جب ایک اننگ میں 3 بلے باز وں نے سنچریاں اسکور کیں۔
چوتھا ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیل رہے فل سالٹ نے137 منٹ میں93 بالوں پر14 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے122 رنز بنائے جو اس قسم کے کرکٹ میں انکی پہلی سنچری تھی۔اپنے ساتویں ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں ڈیوڈ ملان پہلی سنچری بنانے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے 206 منٹ میں109بالوں پر 9 چوکوں اور3چھکوں کی مدد سے 125 رنز بنائے۔ جوس بٹلر نے طوفانی بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 107 منٹ میں70 بالوں پر سات چوکوں اور 14 چھکوں کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر162 رنز بنائے جو انگلینڈ کی جانب سے چوتھا سب سے بڑا انفرادی اسکور بھی ہے۔ان تین سنچریوں کی مد د سے انگلینڈ نے مقررہ50 اوور میں چار وکٹ پر498 رنز بنائے جو ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے بڑا سکور بھی ہے۔
ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں ایک اننگ میں تین سنچریاں پہلی مرتبہ جنوبی افریقا کی جانب سے ویسٹ انڈیز کے خلاف18 جنوری 2015 میں جوہانسبرگ میں کھیلے گئے میچ میں اسکور کی گئی تھیں۔ جنوبی افریقا کے پہلے تین بلے بازوں نے اس اننگ میں سنچریاں بنائی تھیں۔ہاشم آملہ نے236 منٹ میں142 بالوں پر14 چوکوں کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر 153 رنز بنائے تھے جبکہ انکے ساتھی افتتاحی بلے بازریلی روزیو174 منٹ میں115 بالوں پر11 چوکوں کی مدد سے128 رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ تیسرے نمبر پر کپتان ابراہم ڈی ویلیرس بلے بازی کرنے آٗے تھے جنہوں نے59 منٹ میں44 بالوں پر نو چوکوں اور16چھکوں کی مدد سے149 رنز بنائے تھے۔ ان تین سنچریوں کی بدولت جنوبی افریقا نے 50 اوور میں دو وکٹ پر439 رنز بنائے تھے جو اس کا ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ اسکور بھی ہے۔
بھارت کے خلاف ممبئی کے وانکھڑے اسٹیڈیم میں25 اکتوبر2015 کو ہوئے میچ میں جنوبی افریقا نے مقررہ50 اوور میں چار وکٹ پر 438 رنز بنائے تھے۔ اس اسکور میں اسکے تین بلے بازوں نے سنچریاں بنائی تھیں۔کونٹین ڈی کوک نے120 منٹ میں87 بالوں پر17 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے109 رنز بنائے تھے جبکہ فف ڈوپلیسس184 منٹ میں115 بالوں پر نو چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 133 رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ وہ زخمی ہونے کی وجہ سے اپنی اننگ جاری نہیں رکھ پائے تھے۔جنوبی افریقا کے کپتان ابراہم ڈی ویلیرس98 منٹ میں61 بالوں پر تین چوکوں اور گیارہ چھکوں کی مدد سے 119 رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ بھارت کے تمام کھلاڑی36 اوور میں224 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے تھے جسکی وجہ سے جنوبی افریقا نے214 رنز سے کامیابی اپنے نام کی تھی۔ یہ جنوبی افریقا کی ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میںچھٹی سب سے بڑی جیت ہے۔