مزید خبریں

گورنر پنجاب سے سیکرٹری یوتھ افیئرز اینڈ اسپورٹس کی ملاقات

لاہور(جسارت نیوز)گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے ہفتہ کے روزگورنر ہائوس لاہور میں سیکرٹری یوتھ افیئرز اینڈ اسپورٹس اسد اللہ فیض نے ملاقات کی، جس میں میں تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے فروغ اور ای روزگار پروگرام کے حوالے سے گفتگوکی گئی۔ سیکرٹری اسپورٹس نے گورنر پنجاب کو یونیورسٹیوں کو ای روزگار سینٹرز منتقلی کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ ذہنی اور جسمانی نشو و نما کے لیے کھیلوں کا فروغ ناگزیر ہے اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو اسپورٹس کی صحت مندانہ سرگرمیوں میں مشغول کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان ہمارا آنے والا کل ہیں جسے روشن بنانے کے لیے انہیں دیگر شعبوں کی طرح کھیل کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ معاشرے میں کھیلوں کے صحتمندانہ رحجان کو فروغ دینے کے لیے جو پرائیوٹ اسپورٹس کلب اچھا کام کر رہے ہیں ان کی حوصلہ افزائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ اسپورٹس اور تعلیمی اداروں میں اسپورٹس کو فروغ دینے کے لیے رابطہ مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ای روزگار سینٹرز نوجوانوں کو مختلف ٹیکنیکل کورسز کی تربیت فراہم کر کے روزگار کے مواقع فراہم کررہا ہے۔