مزید خبریں

اسرائیل کی غزہ میں کارروائی ، آباد کاروں کا معمر فلسطینی پر تشدد

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی فضائیہ نے غزہ کی ساحلی پٹی پر بمباری کی۔ صہیونی فوج نے دعوی کیا ہے کہ یہ کارروائی غزہ سے اسرائیلی علاقوں پر راکٹ باری کے حالیہ واقعات کے جواب میں کی گئی ہے۔ اسرائیلی طیارے نے غزہ کی پٹی میں حماس کے زیر استعمال 3چوکیوں کو نشانہ بنایا ہے۔ فوج نے دعوی کیا کہ حماس کی طرف سے داغا جانے والا راکٹ اسرائیلی ائر ڈیفنس نے ہدف تک پہنچنے سے پہلے فضا ہی میں ناکارہ بنا دیا تھا۔ صہیونی فضائی حملے میں اسلحہ ساز فیکٹری کو نشانہ بنایا ۔ بیان میں بتایا گیا کہ اس سے قبل جنوبی اسرائیل کے شہر عسقلان اور غزہ کی محاصرہ زدہ پٹی کے اسرائیلی سرحدی حدود میں واقع علاقوں میں خطرے کے سائرن بجائے گئے۔ دوسری جانب مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں انتہا پسند یہودیوں کے ایک گروپ نے ایک بزرگ فلسطینی شہری پر حملہ کر کے اسے شدید زخمی کر دیا۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق بزرگ فلسطینی شہری کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنی زمین میں کھیتی باڑی کررہا تھا۔عینی شاہدین نے بتایا کہ 64سالہ عبد الکریم ابراہیم جبعری اپنی زمین پر کھیتی باڑی کررہے تھے کہ آباد کاروں نے ان پر حملہ کردیا۔ انہیں زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ۔ ادھر اسلامی تعاون تنظیم نے جمعہ کے روز غرب اردن کے شمالی شہر جنین میں اسرائیلی قابض فوج کے ہاتھوں 3فلسطینی نوجوانوں کے قتل کی مذمت کی ہے۔ایک بیان میں تنظیم نے اس گھناؤنے جرم کا مکمل طور پر ذمہ دار اسرائیلی قبضے کو ٹھہرایا۔جنین میں کیے گئے حملے میں 3نوجوان شہید اور10 دوسرے زخمی ہو گئے تھے۔