مزید خبریں

بنگلا دیش اور بھارت میں بارش سے تباہی ، 41ہلاک

ڈھاکا؍ نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بنگلا دیش اور بھارت میں مون سون بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب کے نتیجے میں 41 افراد ہلاک لاکھوں لوگ بے گھر ہو گئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق بنگلا دیش میں 40لاکھ افراد سیلاب زدہ علاقوں میں پھنس کر رہ گئے ہیں،جب کہ حکام نے 25ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ مسلسل بارشوں کی وجہ سے ملک کے شمال مشرق کے وسیع علاقے زیر آب آ چکے ہیں اور حکومت کی جانب سے وہاں پھنسے ہوئے افراد کی مدد کرنے کے لیے فوج تعینات کر دی گئی ہے۔ پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے ندیوں کے بندھ ٹوٹ رہے ہیں اور اس طرح اچانک سیکڑوں زیر آب آچکے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ آسمانی بجلی گرنے سے 21 افراد ہلاک ہو ئے،جن میں 3بچے بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ چٹاگانگ میں تودے گرنے سے مزید 4افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ہفتے کی صبح سے صورتحال بہت خراب ہے اور تقریباً پورا خطہ بجلی سے محروم ہے۔سیلاب کے باعث بنگلہ دیش کے شہر سلہٹ میں ملک کے تیسرے سب سے بڑے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو بند کرنا پڑا۔ ریاستی دارالحکومت اور مضافاتی علاقوں میں سڑکیں ڈوب چکی ہیں۔دوسری جانب بھارتی ریاست آسام میں بھی بارش اور سیلاب سے 16 افراد ہلاک ہو گئے۔ وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما نے ٹوئٹر پر کہا کہ 5روز سے جاری مسلسل بارش کے بعد سیلاب سے 18لاکھ سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے ہنگامی طور پر امدادی کارروائیاں شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔