مزید خبریں

وقت ضائع کیے بغیر پروفیشنل اسکلز پر عبور حاصل کیا جائے،ڈاکٹر فتح مری

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری نے کہا ہے کہ دنیا تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے،اعلیٰ تعلیم کے حصول کے بعد سرکاری ملازمت کے انتظار میں وقت ضایع کرنے کے بجائے ملکی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں قابلیت منوانے اور اپنی جگہ بنانے کے لیے پروفیشنل اور لینگویج اسکلز پر عبور حاصل کرنا پڑے گا۔ یہ بات انہوں نے سندھ زرعی یونیورسٹی کی زیر اہتمام اور سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے یونیورسٹی کی مختلف فیکلٹیز کے آخری سال کے طلباء کے لیے پروفشنل، لینگویج اور جاب اسکلز کی تربیت کے لیے منعقدہ فنیشنگ اسکول ورکشاپ‘‘ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے دوران تعلیم، اپنے طلباء کی تربیت دینے کے لیے فنیشنگ اسکول ورکشاپ کا آغاز کیا ہے، جس میں انہیں پیشہ ورانہ مہارت، ملازمت کی مہارت اور زبان کی مہارت کی تربیت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کے پاس طلباء کے لیے ایگری فنانسنگ اور ملازمت کے مواقع موجود ہیں، فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے ڈین ڈاکٹر اعجاز علی کھوھارو نے اپنے خطاب میں کہا کہ زرعی یونیورسٹی طلباء کو جدید طرز کی تدریس کے لیے تحقیقی مراکز، بہتر کاروباری مواقع فراہم کرنے کے لیے بزنس انکیوبیشن سینٹر اور صنفی مساوات کے لیے جینڈر ریسورس سینٹر قائم کیے ہیں، شعبہ انگریزی کے پروفیسر محمد امین سومرو نے کہا کہ سندھ زرعی یونیورسٹی کے طلبہ کو انگریزی سمیت مختلف مسابقتی شعبوں میں حصہ لینا چاہیے۔ اس تربیت سے طلباء مستفید ہوں گے، فنیشنگ اسکول ورکشاپ کی چیئرپرسن شبانہ سرتاج تنیو نے کہا کہ طلباء و طالبات کی شخصیت کو مزید نکھارنے کے لیے 15 روزہ تربیتی ورکشاپ میں انہیں انگریزی زبان، کمیونیکیشن، ورچوئل کمیونیکیشن، سوشل میڈیا آگاہی، مائیکرو کریڈٹ پالیسی، انٹرپرینیورشپ، سی ایس ایس، پی سی ایس، آئی ایل ٹی ایس، ٹوفل اور جی آر اے پر 15 سیشنز منعقد کیے گئے، جس میں فائنل ائر کے 30 سے زائد طلباء نے شرکت کی۔