مزید خبریں

گندم میں ملاوٹ کرنے والوں کو نشان عبرت بنایا جائے،نوید شیخ

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)معروف سماجی شخصیت محمد نوید شیخ نے ایک بیان میں محکمہ خوراک سندھ کے حالی روڑ فوڈ گرین گودام میں مبینہ طور پر ملاوٹ شدہ سرکاری گندم اسٹاک کرنے پر افسوس اور شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ انسانی زندگیوں کو خطرات سے دوچار کرنے والے انسانیت سے عاری بے ضمیر ملاوٹ خور سرکاری افسران کو قانون کے کٹہرے میں لاکر کھڑا کیا جائے اور انسانوں کے کھانے والی گندم میں ملاوٹ کرنے والوں کو نشان عبرت بنادیا جائے تاکہ آئندہ کسی میں اس طرح کے گھناؤنے فعل کی جرات پیدا نہ ہو۔انہوں نے کہاکہ محکمہ خوراک سندھ کی مسلسل ناقص اور بدترین کارکردگی، افسران کی لوٹ کھسوٹ،میگا کرپشن کی خبریں عام ہیں جنہیں لگام ڈالنے کے بجائے عوام کو پریشان کرنے کی کھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے،یہی وجہ ہے کہ گندم اسٹاک کرنے کے سرکاری گوداموں میں بلا خوف گندم میں ملاؤٹ کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملاوٹ شدہ مضر صحت گندم کا آٹا استعمال کرنے سے شہریوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں،شہری گردوں سمیت پیٹ کے مختلف امراض میں مبتلا ہورہے ہیں۔ آگر چشمہ گندا ہو جائے تو نلکوں میں پانی صاف کیسے آئے گا؟ اسی طرح جب سرکاری گندم گوداموں میں ہی عوام کے کھانے کی گندم میں ملاوٹ ہو گی تو عوام کو صحت کے اصولوں کے مطابق اچھا آٹا کیسے مل سکے گا؟