مزید خبریں

محدود وسائل کے باوجو د اسپیشل بچوں کو تعلیم فراہم کررہے ہیں،اللہ ڈنو پیر زادہ

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)ویلفیئر ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ کے جنرل سیکرٹری اللہ ڈنو پیر زادہ نے کہا ہے کہ ہم اپنے محدود وسائل کے باوجود بصارت سے محروم بچے اور بچیوں کو تعلیم و فنی تعلیم سے آراستہ کر رہے ہیں تاکہ وہ عملی زندگی میں کسی کے محتاج نہ بنے بلکہ اپنی تعلیم و ہنر کی وجہ سے معاشرے میں اپنا روزگار خود کما سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد ویلفیئر ایسوسیشن لطیف آباد کے ادارہ تعلیم و تربیت و تحفظ برائے نابینا افراد میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ویلفیئر کے صدر عبد الرشید، فنانس سیکرٹری محمد یاسین آرائیں، انچارج ادارہ تعلیم و تربیت میڈم شہناز، ممبران ایگزیکٹوکمیٹی سید محمود علی، عبدالرزاق، عاشق علی،روبینہ،ارم و دیگر نے بھی شرکت کی۔ اللہ ڈنو پیرزادہ نے کہا کہ ادارہ تعلیم و تربیت میں نابینا بچے اور بچیوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ مختلف ہنر بھی مفت سکھائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادارے میں ہاسٹل اور ادارے کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے اور اس کی تعمیر پر اب تک 4 لاکھ 50 ہزار روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہاسٹل تعمیر ہونے کے بعد اندرون سندھ کے نابینا بچے اور بچیوں کو ادارے میں داخلہ دیا جائے گا۔ اس حوالے سے ہمارے پاس کافی درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رمضان المبارک کے مقدس ماہ میں مخیر حضرات کے تعاون سے جس میں سیلانی ٹرسٹ، بھائی خان ویلفیئر ایسوسی ایشن و دیگر سماجی تنظیمیں شامل ہیں کے تعاون سے نابینا مستحقین میں راشن، کپڑے اور نقد رقم تقسیم کی گئی۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ عید الضحیٰ کے موقع پر قربانی کی کھالیں نابینا افراد کے ادارے کو دیں تاکہ مستحقین کی زیادہ سے زیادہ مدد کی جا سکے۔ انہوں نے اس موقع پر قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے لیے ایک 5 رکنی کمیٹی تشکیل دی جس کے چیئرمین محمد اسماعیل شیخ ہوں گے۔