مزید خبریں

جھڈو: شہر میں پانی کا بحران سنگین صورتحال اختیار کر گیا

جھڈو (نمائندہ جسارت) محکمہ پبلک ہیلتھ اور واٹر سپلائی انتظامیہ کی مبینہ کرپشن، غفلت اور نااہلی کی وجہ سے شہر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ چند روز سے پینے کے پانی کی فراہمی کی مسلسل بند ہونے سے شہر میں پانی کا بحران سنگین صورتحال اختیار کر گیا، پانی کی عدم فراہمی کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے، پانی کی مسلسل بندش پر شہریوں کا شدید احتجاج اور محکمہ پبلک ہیلتھ اور واٹر سپلائی کی نااہل انتظامیہ کے خلاف سخت نعرے بازی بھی کی،عوام نے دھرنا دے کر جھڈو میرپور خاص مین ہائی وے سڑک کو بند کردیا،دھرنے کے باعث کئی گھنٹوں تک دو طرفہ ٹریفک معطل ہوگیا اور شاہراہ کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جس سے مسافروں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔احتجاجی مظاہرین علی احمدرند و دیگر کا کہنا تھا کہ شہر میں پانی کی شدید قلت کی وجہ سے سخت گرمی میں شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں اور مساجد میں وضو کرنے اور گھروں میں پینے کے لیے بھی پانی دستیاب نہیں ہے جس کی وجہ سے پانی کے حصول کے لیے شہری در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہو گئے ہیں، شہریوں نے اعلی حکام سے جلد پانی فراہم کرنے اور محکمہ پبلک ہیلتھ اور واٹر سپلائی کی مبینہ کرپٹ اور نااہل انتظامیہ کی فوری برطرفی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔