مزید خبریں

حیسکو چیف کی کاروباری مراکز میں لوڈشیڈنگ کم کرنے کی یقین دہانی

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے ایک نمائندہ وفد نے صدر محمد الطاف میمن کی سربراہی میں حیسکو چیف نور احمد سومرو سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں صدر چیمبر نے کہا کہ حیدرآباد کی تاجر برادری حکومت سندھ کی جانب سے جاری کیا گیا سندھ انرجی کرائسز ایمرجنسی آرڈر پر بھر پور تعاون اور عمل درآمد پر یقین رکھتی ہے لیکن ساتھ میں حیسکو کو بھی تاجروں کو کچھ ریلیف دینا ہوگا۔ الطاف میمن نے کہا کہ دن میں سہ پہر 4 بجے سے رات 10 بجے تک حیدرآباد شہر، لطیف آباد،قاسم آباد کے کاروباری مراکز میں بجلی کی بندش نہ کی جائے تاکہ تاجر اپنا کاروبار اچھے طریقے سے کرسکیں اور حیدرآباد سائٹ انڈسٹری میں بھی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر قابو پایا جائے۔ حیسکو چیف نور احمد سومرو نے صدر چیمبر اور وفد کو یقین دلایا کہ حیدرآباد شہر، لطیف آباد اور قاسم آباد کے کاروباری علاقوں کے 39 عدد 11 کے وی فیڈر ہیں جن پر سہ پہرپونے 4 بجے سے رات پونے10 بجے تک مسلسل بجلی فراہم کریں گے۔ یہ تمام فیڈر وہ ہیں جہاں پر کاروباری مراکز کے ساتھ ساتھ رہائشی، ہوٹل اور بیکریاں بھی شامل ہیں۔ حیسکو چیف نے کہا کہ آنے والے مہینوں میں جن جن علاقوں میں ریکوری بہتر ہوتی جائے گی وہاں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم سے کم کردیا جائے گا۔ صدر چیمبر نے کہا کہ حیسکو چیف سے ملاقات بہت اچھے ماحول میں ہوئی اور حیسکو افسران نے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔ انہوں نے تمام تاجر برادری سے بھی اپیل کی کہ اپنے بقایاجات جلد از جلد ادا کریں تاکہ حیسکو بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں مزید سہولت فراہم کر سکے۔ اس موقع پر چیمبر کے وفد میں سابق صدور دولت رام لوہانہ، محمد اکرم انصاری اور کنوینر حیسکو سب کمیٹی محمد سہیل میمن شامل تھے۔ حیسکو کے چیف آپریٹنگ افسر سرفراز احمد خان، چیف کمرشل افسر ریاض احمد خان، ایس ای حیدرآباد نثاراحمد میمن، ایس ای لاڑ عبدالغفور شیخ، ڈائریکٹر سیفٹی مشتاق احمد دایو، ڈپٹی ڈائریکٹر پی ڈی سی غلام سرور انڑ، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل زین العابدین بلوچ، پی ایس او عرفان کریم شیخ اور ترجمان حیسکو محمد صادق کبر بھی موجود تھے ۔